زیارت کی ترقی میں پنجاب بھی اپنا حصہ ڈالے گا،عثمان بزدار

247

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کو پنجاب سے بھی زیادہ حصہ دیا گیا ہے، دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے پاکستانی قوم کا عزم لوہے کی طرح مضبوط ہے، پنجاب حکومت زیارت کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالے گی۔ بلوچستان کے سیاحتی مقام زیارت کے دورے پر قبائلی عمائدین اور پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے گوادر اور زیارت میں پنجاب ہاؤس تعمیرکیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو حکومت پنجاب میں ٹریننگ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ زیارت کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے ایک اعلیٰ تعلیمی ادارہ بنانے پر بھی غور ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے زیارت میں قائداعظم ریزیڈنسی کا دورہ کیا اور وہاں مختلف حصے دیکھے۔ زیارت کا دورہ مکمل کر نے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے ہمراہ سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا اور گزشتہ روز پنجگور میں دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے فورسز کے زیر علاج جوانوں کی عیادت کی ، زخمی جوانوں سے گفتگو کے دوران سردار عثمان بزدار اور جام کمال خان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے دلیر سیکورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں پر ناز ہے ، دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے پاکستانی قوم کا عزم لوہے کی طرح مضبوط ہے۔