ناقص منصوبہ بندی سے وسائل ضائع ہوئے‘ وزیراعلیٰ بلوچستان

108

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ماضی میں ترقیاتی شعبہ میں غیرمناسب منصوبہ بندی اور ناقص عملدرآمد سے وسائل ضائع ہوئے، انفرادی طور پر کیے گئے فیصلوں کے اداروں اور نظام پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، ہر شعبہ میں قواعدوضوابط اور قوانین کا موثر نفاذ ہی اداروں اور نظام کی مضبوطی کی ضمانت فراہم کرتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے رواں مالی سال کی پی ایس ڈی پی میں شامل صحت اور تعلیم کے شعبوں کی عمارتوں کی تعمیر کے ڈیزائن کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن بزدار، سیکرٹری سیکنڈری تعلیم غلام علی بلوچ، سیکرٹری صحت دوستین جمالدینی، سیکرٹری مواصلات وتعمیرات نورالامین مینگل، سیکرٹری اطلاعات شاہ عرفان غرشین اور اسپیشل سیکرٹری خزانہ لعل جان جعفر نے بھی اجلاس میں شرکت کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام شعبوں خاص طور پر تعلیم اور صحت کے اداروں کی عمارات کو اس طرز پر تعمیر کیا جائے جو دیرپا افادیت اور تمام سہولیات سے آراستہ ہوں، وسیع وعریض اراضی پر کیڈٹ کالج، ریذیڈنشل کالجز اور ہسپتالوں کی تعمیر پر غیر ضروری اخراجات ہوتے ہیں جبکہ ان کی افادیت محدود ہوجاتی ہے، عمارتیں اتنے ہی رقبے پربنائی جائیں جتنی ضرورت ہو اورا ن کی افادیت بھی زیادہ ہو، وزیراعلیٰ نے صوبے کے مختلف علاقوں میں تعمیر ہونے والی نئی عمارتوں کے ڈیزائن اس علاقے کے موسمی حالات کے مطابق بنانے اور تعلیمی اداروں کی تعمیر میں پری فیب ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت کی