بلوچستان : کورونا مریضوں کی معلومات فراہم کرنے پر پابندی

128

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی ذاتی معلومات فراہم کرنے پر پابندی عاید کردی گئی ہے، پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے بتایا ہے کہ ذاتی معلومات کی شیئرنگ سے متاثرہ افراد ذہنی کوفت کا شکار ہورہے ہیں، انہیں امتیازی رویے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، کورونا وائرس اچھوت وبا نہیں کہ مریضوں کو حقارت سے دیکھا جائے ۔پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ بلیدی کے ڈیسک سے جاری مراسلے میں بلوچستان بھر کی اسپتالوں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ حالات کی نزاکت کے پیش نظر اسپتالوں اور ٹیسٹنگ لیبارٹریز میں کورونا وائرس کے متاثرین کی پرسنل انفارمیشن کسی بھی طور لیک نہ کی جائے ، خواتین اورحضرات نے ذاتی معلومات لیک ہونے کی شکایت کی ہے ایسی شکایت کا تدارک ہونا ضروری ہے اور علاج معالجے کی بااعتماد سروس کو یقینی بنایا جائے ،انہوں نے کہا کہ معاشرتی طور پر یہ باور کرانا بھی ضروری ہے کہ دیگر امراض کی طرح کورونا وائرس بھی ایک بیماری ہے جس سے احتیاط لازم ہے تاہم متاثرہ افراد سے کسی بھی طرح امتیازی سلوک روا رکھنا درست نہیں ۔