پیٹرول پمپس 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت دی جائے،ملک خدا بخش

238

کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین سی این جی ایسوسی ایشن آف پاکستان ملک خدابخش نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم انڈسٹری کی اہمیت اور مشکلات پر غور کرتے ہوئے چوبیس گھنٹے پمپس چلانے کی اجازت دی جائے اور اگر کچھ انتظامی وجوہات کی بنا پر یہ ممکن نہیں ہے تو اختتامی وقت کو کم سے کم رات 8 بجے تک بڑھایا جائے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کو لکھے گئے ایک خط میں ملک خدا بخش نے کہا کہ ہم حکومت سندھ کی طرف سے صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کی جانے والی محنت اور مختلف اقدامات کی انتہائی تعریف کرتے ہیں، مگرضروری خدمات کے لیے لاک ڈاؤن اوقات میں نرمی کرتے وقت اور عام لوگوں کی ضروریات کے پیش نظرپیٹرول / سی این جی کی دستیابی کی اہمیت کونظرانداز کیا گیا ہے، سندھ میں فیول سپلائی کرنے والے اسٹیشنوں کو صرف صبح 6 بجے سے شام 5 بجے تک کام کرنے کی اجازت ہے جبکہ دوسرے صوبوں اور اسلام آباد میں پٹرول / سی این جی پمپ چوبیس گھنٹے عام لوگوں کی ضروریات کو پورا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایندھن معاشی اور سماجی سرگرمیوں کی لائف لائن ہے اور زندگی بچانے والی دوائی کی حیثیت سے اس کی اہمیت کو حاصل کرتا ہے،چوبیس گھنٹے سڑک پر چلنے والی اہم اور ضروری خدمات سے متعلق سرکاری اور نجی گاڑیوں کو فوری طور پر ایندھن کی فراہمی کی ضرورت ہے۔ملک خدابخش نے کہا کہ شام کے وقت کام کے مقامات سے گھر واپس آنے والے لوگوں کی گاڑیاں شام پانچ بجے کے قریب پمپوں پر جمع ہوجاتی ہیں اور جب ہم ان کی خدمت کرنے میں منع کرتے ہیں تو وہ مشتعل ہوجاتے ہیں اور پمپس عملے سے لڑتے ہیں،دوسری طرف آپریشن کی جلد بندش پمپس مالکان کو کافی مالی نقصان پہنچا رہی ہے اور وہ حکومت کو کافی حد تک آمدنی سے بھی محروم کررہی ہے،اس لیے سندھ حکومت ہماری گزارشات پر غور کرتے ہوئے 24گھنٹے یا رات 8بجے تک پمپس کھلے رکھنے کی اجازت دی جائے۔