وفاقی وزیر برائے سمندری امور سے چین کے سفیرکی ملاقات

288

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے سمندری امور سید علی حیدر زیدی سے پاکستان میں چین کے سفیر ایچ ای یاو جینگ نے ملاقات کی جس میں کراچی کے لیے ایک بڑے منصوبے پر گفتگو ہوئی۔ وزیر برائے سمندری امور کا وژن پاکستان کو میری ٹائم نیشن میں تبدیل کرنے اور خاص طور پر کراچی کی ترقی اور اسے دوسرے بندرگاہی شہروں کے برابر لانا ہے،وفاقی وزیر ان منصوبوں کو تیزی سے عملی جامہ پہنانے کی کوشش کر رہے ہیں جو تجاوزات والی زمین کو منظم طریقے سے منصوبہ بند رہائشی علاقوں میں تبدیل کریں گے جس میں تمام بنیادی سہولیات موجود ہیں، اس منصوبے سے توقع کی جاتی ہے کہ یہ ایف ڈی آئی کو بھی راغب کرے گا۔ علی زیدی نے لاس اینجلس اور نیو یارک بندرگاہوں کی مثالوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر بندرگاہیں شہروں کو چلاتی ہیں جہاں سے بندرگاہوں کی محصولات کو عوام کی بہتری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ علی زیدی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد سے ہی کراچی کو نظرانداز کیا جارہا ہے ، پراپرٹی مافیا اور اراضی پر قبضہ کرنے والوں کی ملی بھگت سے وسائل کی تقسیم بالکل مساوی نہیں۔ 2020 کی پہلی سہ ماہی میں لانچ کے لیے تیار کیا گیا منصوبہ COVID-19 پھیلنے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوگیا، پاکستان میں بلیو اکانومی کے تصور کو آگے بڑھاتے ہوئے سمندری امور کی وزارت سمندری وسائل سے بہتر طریقے سے مستفید ہونے اور بندرگاہوں پر کارگو کی برقت ترسیل و کلیئرنس کے لیے منصوبے شروع کرے گی۔