قومی اسمبلی میںحکومت اور اپوزیشن نے اپنا رونا رویا،حافظ حسین احمد

185

کوئٹہ(آن لائن)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کی عدم شرکت قابل تشویش ہے، کورونا کی صورتحال پر بات کرنے کے بجائے حکومت اور اپوزیشن نے اپنا رونا رویا، وفاقی وزیر مذہبی امور قادیانیت کی وکالت کرنے والے 6ارکان کو بے نقاب کریں، ختم نبوت کے قوانین سے چھیڑ چھاڑ اتفاقا نہیں گہری سازش کا نتیجہ ہے۔ منگل کے روز اپنی رہائشگاہ جامع مطلع العلوم میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں ایک دوسرے سے سماجی فاصلوں کے ساتھ ساتھ سیاسی فاصلے بھی رکھ رہے ہیں ،ستم ظریفی یہ ہے کہ کورونا سے متعلق فیصلے پہلے کیے گئے اور اجلاس بعد میں منعقد کیا گیا اس سے پارلیمنٹ کی بالادستی کا پتا چل جاتا ہے۔ حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ مذہبی امور کے وفاقی وزیر کو ان 6ارکان کو بے نقاب کرنا ہوگا جنہوں نے قادیانیت کے حوالے سے اقلیتی کمیشن میں ان کی وکالت کی اور اس بات کی بھی کھوج لگانا ہوگی کہ کس نے اس بحث کو فیصلہ قرار دیکر اس حساس مسئلے کو چھیڑنے کی کوشش کی، کچھ عناصرکافی عرصے سے کام کررہے ہیں انہیںجہاں موقع ملتا ہے شب خون مارنے کی کوشش کرتے ہیں۔