تحفظات کے باوجود وفاق کے فیصلوں پر 100 فیصد عمل کریں گے،وزیراعلیٰ سندھ

632

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کھولنے سے متعلق وفاق کے فیصلوں پر تحفظات ہیں مگر قومی ہم آہنگی کیلئے فیصلوں پر100فیصد عمل کریں گے ۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کورونا سے بچنے کیلئے گھروں میں رہیں، شوگر، امراض قلب کے لوگ کوشش کریں گھروں سے نہ نکلیں، گھر سے باہر نکلتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں، صرف وہ گھر سے باہر جائیں جن کو اجازت ہے، ہم سب کی زندگیاں تبدیل ہوچکی ہیں، ہم سمجھتے ہیں بات ختم ہوگئی لیکن ایسا نہیں ہے۔

سوچے سمجھے بغیر لاک ڈاؤن  نہیں کیا

مراد علی شاہ نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں سوچے سمجھے بغیر لاک ڈاؤن کردیا،ایسا نہیں ہے، 14 مارچ کو عوامی اجتماع والی جگہوں کو بند کیا، 17 مارچ سے شاپنگ مال، دکانیں اور ٹرانسپورٹ بند کی، 22 مارچ سے لاک ڈاؤن کو بتدریج سخت کیا، بڑا سوچ سمجھ کر، مشاورت کے بعد یہ اقدام اٹھائے۔

جن ممالک نے لاک ڈاؤن میں تاخیر کی ان کو مشکلات پیش آئیں

مراد علی شاہ نے مزید کہا میں مغرب کی مثال دیتا ہوں تو تنقید ہوتی ہے، جن ممالک کو مشکل پیش آئی انہوں نے وقت پر لاک ڈاؤن نہیں کیا،امریکا میں بھی لاک ڈاؤن کرنے میں تاخیر سے کام لیا گیا۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث کورونا کیسز میں اضافہ ہوا

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یکم اپریل کو لاک ڈاؤن کا اعلان وفاق نے کیا، اسد عمر نے خود اعلان کیاکہ لاک ڈاؤن 14 اپریل تک رہے گا، 14 اپریل کو بھی وفاق نے ہی لاک ڈاؤن 2 ہفتے کیلئے بڑھایا، تاہم 14 اپریل کو لاک ڈاؤن میں کچھ نرمی کی جس کے باعث کورونا کیسز میں اضافہ ہوا۔

جذبات میں نہیں زمینی حقائق دیکھ کر فیصلے کرنے ہیں

وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ  نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ملک بھر میں یکساں پالیسی کے تحت فیصلے کے لیے وفاق نے صوبوں سے صلاح مشورہ کیا ،ہم بھی چاہتے ہیں کہ مشاورت سے فیصلے ہوں،اس وقت ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے لہذا جذبات کے بجائے ڈیٹا اور زمینی حقائق کے مطابق فیصلے کیے جائیں۔

وفاقی حکومت کے فیصلوں پر100فیصد عمل کریں گے

وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ کل دوپہر کووزیراعظم نے اجلاس بلایا جس میں وفاقی حکومت نے اپنا پلان پیش کیا،وفاقی حکومت نے جو فیصلے کیے سندھ حکومت نے ان پر عمل کیا ہے اور آئندہ بھی 100 فیصد عمل کریں گے، یہ فیصلے کرتے ہوئے مجھے بہت فکر ہے، مگر قومی ہم آہنگی کیلئےان فیصلوں پر عمل کرونگا،کل بھی جو اعلان وفاقی حکومت نے کیے ہیں ان کی ڈائریکشن میں بتا رہا ہوں کہ لاک ڈاؤن ابھی رہے گا۔

 ہفتے اور اتوار کومکمل لاک ڈاؤن ہوگا

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 9 مئی سے قبل بند انڈسٹریز سوائے کنسٹرکشن کے بدستور بند رہیں گی، اس کے علاوہ دفاتر جو 9 مئی سے پہلے بند تھے وہ بھی بند رہیں گے جب کہ ضروری دکانیں فجر سے شام 5 بجے تک کھلیں گی، رہائشی علاقوں میں قائم دکانیں کھولی جائیں گی تاہم مالز اور بڑی مارکیٹیں بند رہیں گی جب کہ  ہفتے اور اتوار کو 100 فیصد لاک ڈاؤن ہوا کرے گا۔