ریاست محنت کشوں کوانصاف فراہم نہیں کرتی، لیاقت ساہی

248

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مزدور رہنما لیا قت علی ساہی نے یوم مئی محنت کشوں کے عالمی دن پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کاکوئی بھی ادارہ محنت کشوں کو ان کے حقوق نہیںدے رہا۔ 134 سال قبل شکاگو کے محنت کشوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے محنت کشوں کے نہ صرف بنیادی مسائل کو اْجاگر کیا تھا بلکہ اس جدوجہد کی روشنی میں آٹھ گھنٹے کے اوقات کار اور لیبر قوانین کے اجرا کرانے کی تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔ ہم آج اگر 134 سال قبل مزدوروں کے مسائل کے ساتھ موازنہ کریں تو اسوقت محنت کشوں کو جو مسائل درپیش ہیں وہ تمام تر قوانین کے بننے کے باوجود پہلے سے زیادہ مسائل کا سامنا ہے۔ آئی ایل او کنونشن سے لے کر وفاقی اور صوبائی سطح پر ملک کے دستور کی روشنی میں مرتب ہونے والے لیبر قوانین پر عمل درآمد کرنے کے بجائے طاقت کے بل بوتے پر محنت کشوں کے بنیادی حقوق کو سلب کرکے اداروں کی بیوروکریسی اور مالکان ملک کے آئین کی خلاف ورزیوں کے مرتکب ہو رہے ہیں اس کی بنیادی وجہ یہ ہے ایک تو ملکی سطح پر محنت کشوں کی تنظیمیں متحد نہیں ہیں سونے پر سہاگہ جو لوگ پارلیمنٹ میں عوام کے اور محنت کشوں کے ووٹوں سے جاتے ہیں وہ بھی سرمایہ داروں اور اداروں کی بیوروکریسی کی بیساکھیاں بن جاتے ہیں جس کی وجہ سے پارلیمنٹ کی سطح پر محنت کشوں کی ترجمانی نہ ہونے کی وجہ سے جو لیبر قوانین محنت کشوں کے تحفظ کے لیے مرتب کیے گئے ہیں ان پر بھی عمل درآمد نہیں ہورہا ہے۔