علما کی خاموشی اور تعاون کو کمزوری نہ سمجھا جائے‘ حافظ حسین احمد

161

کوئٹہ (آن لائن) جمعیت علما اسلام کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے جے یوآئی کے رہنما مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علما کی خاموشی اور تعاون کو کمزوری نہ سمجھا جائے‘ مغربی ایجنڈے کے وائرس سے متاثر حکمران اور انتظامیہ کورونا وائرس کی آڑ میں مذہبی شعائر، مساجد اور علما کرام کے خلاف معاندانہ کارروائیوں سے اجتناب کرے تاکہ ملک کے تمام طبقوں میں اتحاد و اتفاق کی فضا قائم رہے۔ وہ اپنی رہائشگاہ جامع مطلع دارالعلوم میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ایک جانب علما کرام سے تعاون اور انہیں اعتماد میں لینے کا ڈھنڈورا پیٹتی ہے اور دوسری جانب نماز جنازہ پڑھانے پر تشدد اور گرفتاریاں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سربراہ نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ میت سے کورونا وائرس نہیں پھیلتا اور اس سے اہم یہ ہے کہ علما کرام اپنے مرنے والے مسلمان بہنوں اور بھائیوں کی نماز جنازہ اور دیگر شرعی آداب اور احکامات کے تحت تدفین کر رہے ہیں ان کے اس اسلامی جذبے کو سرہایا جانا چاہیے نا کہ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جائے اور گرفتار کیا جائے۔