بلوچستان حکومت کاترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنیکا فیصلہ

142

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان حکومت نے پی ایس ڈی پی میں شامل نئے اور جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے تمام محکموں کو پی ایس ڈی پی سے متعلق دی گئی گائیڈ لائن پر عمل درآمد کے جائزے کے لیے اجلاس طلب کرکے پیشرفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رواں مالی سال میں مکمل ہونے والے منصوبوں کی تکمیل کے لیے مطلوبہ فنڈز کا اجرا کیا جائے گا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات کی جانب سے اجلاس کو ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت جبکہ سیکرٹری خزانہ کی جانب سے فنڈز کے اجرا سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزرا میر ظہور بلیدی، میر عارف جان محمد حسنی، چیف سیکرٹری فضیل اصغر اور سیکرٹری مواصلات وتعمیرات نورالامین مینگل نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔علاوہ ازیںوزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ٹڈیوں کی افزائش میں بے پناہ اضافہ ہورہا ہے جس سے پنجاب اور سندھ کی فصلوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔سرکاری حکام کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منعقدہ نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس کے انعقادکا مقصد لاک ڈاؤن سے متعلق ایک نکاتی ایجنڈے پر اتفاق رائے پیدا کرنا تھا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس ضمن میں قومی اتفاق رائے کو سراہا جبکہ انہوں نے ٹڈی دل کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں ٹڈیوں کی افزائش میں بے پناہ اضافہ ہورہا ہے جو سندھ اور پنجاب کی جانب جائیں گی اور ان سے فصلوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، وزیراعلیٰ نے ٹڈی دل کے تدارک کے لیے بھرپور کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔