فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹرز کا تحفظ ترجیح ہے، جام کمال

159

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ کوئٹہ میں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت کورونا کی صورتحال اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کو آگاہ کیا گیا ہے کہ حکومتی کوششوں کے نتیجے میں ڈاکٹروں اور اسپتالوں کی ایک ماہ کی ضروریات کے مطابق پی پی ای کٹس، ماسک اور دیگر حفاظتی سامان دستیاب ہے جسے ایس او پی کے مطابق ڈاکٹروں اور اسپتالوں کو تسلسل کے ساتھ فراہم کیا جاتا رہے گا، اجلاس میں اسپتالوں کے گائنی وارڈز کے لیے بھی پی پی ای کٹس اور دیگر ضروری آلات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں تربت، ژوب، نصیرآباد اور خضدار میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے پی سی آر مشینیں فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ کوئٹہ میں مزید پی سی آر مشین فراہم کرکے ٹیسٹنگ کی استعداد کو بڑھانے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ایران سے برآمد کی جانے والی ایل پی جی ذخیرہ کرنے کی لیے گیس اسٹوریج اسٹیشن کے قیام سے متعلق امور کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں چمن اورتفتان میں پری فیب کنٹینرز پر مشتمل قرنطینہ سٹی کے منصوبے کا جائزہ بھی لیا گیا اور اس کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور انہیں پی پی ای کٹس کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے، اجلاس میں ٹڈی دل کے تدارک کے لیے مختلف اضلاع میں جاری اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ اس کے لیے مزید فنڈز بھی مختص کیے جائیں گے۔