بلوچستان حکومتی اتحاد میں پھوٹ‘بی اے پی کے 4 وزرا مستعفی

245

کوئٹہ(آئی این پی)بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی )سے تعلق رکھنے والے 4صوبائی وزرا نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے اہم معاملات پراعتماد میں نہ لینے کے خلاف اپنے استعفے گورنربلوچستان کے بجائے وزیراعلیٰ بلوچستان کو بھجوادیے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے صوبائی وزرا سے رابطہ کرلیا۔آج وزیراعلیٰ بلوچستان اور 4صوبائی وزرا کے درمیان اہم بیٹھک ہوگی۔بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر رہنما سردار مسعود خان لونی کی رہائش گاہ پر صوبائی وزرا سردارمسعود لونی، حاجی نور محمد دمڑ، حاجی محمدخان طوراتمان خیل، حاجی میٹھا خان کاکڑ اور رکن صوبائی اسمبلی لیلیٰ ترین کے درمیان موجودہ صورتحال پر اہم بیٹھک ہوئی جو7 گھنٹے تک جاری رہی۔ اس موقع پر پی ایس ڈی پی میں ان کے حلقہ انتخاب میں مداخلت اور فنڈز نہ دینے سے تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اس امر پر بھی اظہار کیا گیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان صوبے کے اہم معاملات پر ان کو اعتماد میں نہیں لے رہے اور نہ ہی اہم فیصلوں کے حوالے سے انہیں آگاہ کیا جاتا ہے بلکہ ہمیں فیصلہ سازی میں اہمیت بھی نہیں دی جارہی۔ صوبائی وزرا کی ناراضگی واستعفوں سے متعلق سوشل میڈیا پر خبروں کی زیر گردش کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے صوبائی وزرا سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور ناراض صوبائی وزرا کے درمیان آج اہم ملاقات بھی ہوگی۔