حکمران عملی میدان میں ناکام ہوچکے ،حافظ حسین احمد

184

کوئٹہ(صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ سوتیلے ’’باپ‘‘ کے حکمرانوں نے بی ایم سی میںجعلی قرنطینہ سینٹر قائم کرکے عمران خان کو ماموں بنا دیا، ’’باپ‘‘ کے ذریعے حکومت بنانے والے حکمران عوام اور وفاق کو بے وقوف بنا رہے ہیں، حکمران عملی میدان میں ناکام ہوچکے اس لیے اب ڈرامے کررہے ہیں، حکمران میڈیا ، اخبارات، ٹیوٹر اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے سب کچھ اچھا ہونے کا تاثر دے رہے ہیں جبکہ زمینی حقائق اس سے مختلف ہیں۔جمعہ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ سوتیلے ’’باپ‘‘ کے حکمرانوں نے بولان میڈیکل کالج میں راتوں رات قرنطینہ مرکز قائم کرکے عمران خان نیازی کو ماموں بنایا جبکہ کورونا کے حوالے سے شیخ زید اسپتال اور فاطمہ جناح اسپتال میں انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں جس انداز میں ’’باپ‘‘ کے ذریعے حکومت بنائی گئی حکمران اسی انداز میں عوام اور وفاق کو بے قوف بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رات کی تاریکی میں مختلف اسپتالوں سے بیڈ اور سامان لاکر ملمع سازی کی گئی اور اگلے روز عمران خان کو اس کا معائنہ کرایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اسپتال انتظامیہ،ذرائع ابلاغ کے نمائندے اور بلوچستان کے مظلوم عوام سب اس بات کے گواہ ہیں کہ دن دھاڑے یہ ’’واردات‘‘ کی گئی، انہوں نے کہا کہ حکومتی ارکان سے استفسار پر بتایا جارہا ہے کہ امن وامان کی مخدوش صورتحال کی وجہ سے یہ ڈراما کیا گیا جبکہ دوسری جانب صوبے میں امن امان کے حوالے سے سب کچھ اچھا ہے اورمکمل امن کی بات کی جاتی ہے۔