پاک افغان سرحد یکطرفہ تجارت بحال ‘ 100ٹرک افغانستان بھیج دیے گئے

161

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) چمن پاک افغان چمن سرحد کے ذریعے یکطرفہ تجارت شروع کردی گئی، پاکستان سے سبزیاں اور پھل لے کر 100 ٹرک افغانستان بھیج دیے گئے۔ ایف سی حکام کے مطابق افغان حکومت کی درخواست پر پاکستان نے خیرسگالی کے جذبے کے تحت چمن پاک افغان سرحد کو یکطرفہ تجارت کے لیے کھول دیا گیا۔ پاکستانی ڈرائیوروں نے مال بردار ٹرکوں کو چمن سرحد زیرو پوائنٹ پر افغان ڈارئیورز کے حوالے کیا اور افغان ڈرائیورز ان ٹرکوں کو خالی کر کے واپس زیرو پوائنٹ پر پاکستانی ڈارئیورز کے حوالے کرنے کے پابند ہوں گے۔ چمن سرحد پر مال بردار ٹرکوں کو افغان ڈرائیوروں کو حوالے کرنے سے پہلے ٹرکوں پر مکمل اسپرے کیا گیا اور ٹرکوں کی واپسی پر افغان حکام ان ٹرکوں پر اسپرے کرکے واپس پاکستانی ڈرائیورز کے حوالے کریں گے۔ خوراکی اشیا کی فراہمی کا سلسلہ ہفتے میں 3 روز ہوگا۔ ایف سی حکام کے مطابق پاک افغان سرحد دیگر تجارت، نیٹو سپلائی اور پیدل آمد و رفت کے لے بدستور مکمل طور پر بند رہے گی۔