مطالبات نہ مانے گئے تو پھراحتجاج کرینگے،ینگ ڈاکٹرز بلوچستان

260

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ڈاکٹر یاسر اچکزئی نے کہاہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے حکم اور عوامی مشکلات کے پیش نظر احتجاج مؤخر کیاہے ، ایک ہفتے میں مطالبات نہ مانے گئے توپھر احتجاج پر مجبور ہونگے ۔ صحافیوں سے بات چیف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان ،پیرامیڈیکل اسٹاف اور نرسز کی جانب سے احتجاج کا مقصد حفاظتی لباس(پی پی ای) کا حصول تھا ،وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی کے باوجود ڈاکٹروں کو حفاظتی سامان فراہم نہیں کیاگیا۔ڈاکٹروں پر پولیس تشدداور گرفتاریوں کو دنیا نے دیکھا ۔ہم نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات اور عوامی مشکلات کے پیش نظر احتجاج مؤخر کرنے کا فیصلہ کیاہے تاہم اگر ایک ہفتے کے دوران ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہ ہوا تو ایک مرتبہ پھر احتجاج پر مجبور ہونگے،ہم نے بطور ڈاکٹر بہتر سمجھا کہ بغیر حفاظتی کٹس کے بھی عوام کی خدمت جاری رکھیںگے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن کے دوران گھروں پر رہیں اگر اس دوران انہیں کسی قسم کی بیماری کا سامنا ہو تو ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے پیج پر موجود تمام شعبوں سے وابستہ ڈاکٹرز کے نمبرز پر رابطے کرسکتے ہیں ہمارا ٹیلی میڈیسن کی خدمات کا سلسلہ 24گھنٹے جاری ہے ۔