حکومت سندھ کی کورونا وائرس  ایمرجنسی فنڈ کمیٹی کا اجلاس

219

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل کی صدارت میں حکومت سندھ کی کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ کمیٹی کا اجلاس گورنر ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی، ایڈیشنل سیکرٹری صحت عبدالعلیم لاشاری، مشتاق چھاپرا اور ڈاکٹر عبدالباری نے شرکت کی۔ اجلاس میں لاک ڈائون سے متاثرہ افراد کو موثر ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ کاوشوں سے ہی کورونا وائرس کو شکست دی جاسکتی ہے کیونکہ یہ ہم سب کی جنگ ہے، اسے ہمیں مل کر لڑنا اور کورونا وائرس کو شکست دینا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مخیر حضرات کا تعاون متاثرہ خاندانوں کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔