حیدرآباد :لیبر ڈیپارٹمنٹ کے فلیٹوں میں قرنطینہ سینٹر بنانے کا فیصلہ

298

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) کورنا وائرس کی امکانی وبائی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حیدر آباد ضلع میں ہوسڑی بائی پاس ٹنڈو محمد خان روڈ کے قریب لیبر ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ کے 1504 فلیٹس اور جامشورو ضلع کے تعلقہ کوٹری میں لیبر ڈپارٹمنٹ کے 512 فلیٹس کو قرنطینہ سینٹر بنا کر وہاں بجلی، گیس اور خوراک سمیت تمام تر مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ڈویژنل کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ نے کیمپ آفس میں وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ افسران سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اپنے اپنے اضلاع میں سروے کرکے فوری طور پر قرنطینہ سینٹرز قائم کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انہوں نے حیسکو، محکمہ سوئی گیس اور واسا سمیت دیگر عوامی خدمات کی فراہمی والے اداروں کے متعلقہ افسران کو ڈویژن کے تمام اضلاع میں قائم کیے جانے والے قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات کی فراہمی کو فوری طور پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو قرنطینہ سینٹرز میں صفائی ستھرائی سمیت سینی ٹائیزر کی دستیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ پبلک دفاتر میں بھی حکومت کی جانب سے ہیلتھ ایڈوائزری پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی سختی سے ہدایت کی۔ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر سرکاری اسکول و دیگر سرکاری عمارات کو بھی قرنطینہ سینٹرز کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے اپنے ضلع کے لیے فوکل پرسن مقرر کریں جو کہ اضلاع میں قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات کی فراہمی اور کانٹیجنسی پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایمرجنسی نافذ ہے اور اس صورتحال میں کسی بھی عملدرآمد یا عملے کی لاپروائی یا غفلت پر ان کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو اور ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن ریٹائر فرید الدین مصطفی نے اپنے اپنے اضلاع میں کورونا وائرس سے متعلق کیے جانے والے اقدامات سے متعلق ڈویژنل کمشنر حیدر آباد کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔