ترکی کیساتھ تجارتی مذاکرات بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ بھی شریک ہوگا

250

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کے مو قع پر ہونے والے تجارتی مذاکرات میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ بھی شریک ہوگا، یہ پہلا موقع ہے کہ اس سطح کے مذاکرات میں بلوچستان کو نمائندگی دی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر ترک صدررجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کے مو قع پر ہونے والے تجارتی مذاکرات میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون بلوچستان کی نمائندگی کر یں گے۔ واضح رہے کہ ترک صدررجب طیب اردوان کے ہمراہ ترکی کی بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کا وفد بھی آ ئے گا جس میں 40 سے 50 بڑی کمپنیاں شامل ہیں، جن کے ساتھ کامرس ڈویژن کی جانب سے کل14 فروری کو اسلام آباد میں(آزاد تجارتی معاہدہ) ایف ٹی اے کے سلسلے میں مذاکرات کیے جائیں گے، اس اجلاس میں بلوچستان کی نمائندگی بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون کر رہے ہیں جو ترک کمپنیوںکو بلوچستان میں سرمایا کاری کے مواقع سے آگاہ کرتے ہوئے سرمایہ کاری کی دعوت بھی دیں گے۔