گوجرنوالہ میں بڑی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گرد گرفتار

586

گوجرنوالہ: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے گوجرنوالہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن  کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق القاعدہ نیٹ ورک سے ہے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں کلاشنکوف رائفلیں، 2 پستول اور گولہ بارود، لیپ ٹاپ، کمپیوٹر،موبائل فون، سمیت دہشت گردی کی مالی اعانت کے لئے فنڈز برآمد ہوئے ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کالعدم تنظیم کا میڈیا سیل چلا رہے تھے اور افغانستان میں دہشت گردوں کی مرکزی قیادت کو فنڈز بھی بھیج رہے تھے۔

گرفتار دہشت گردوں میں عاصم اکبر عرف جعفر میڈیا کا ماہر ہے جو میڈیا اور پرنٹنگ پریس چلا رہا تھا جبکہ عبد اللہ عمیر عرف حنظلہ کارروائیوں کے لئے مجموعی طور پر کوآرڈینیٹر تھا، دیگر دہشت گردوں میں احمد عرف قاسم، محمد یوسف، محمد یعقوب عرف گورا شامل ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی گوجرانوالہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔