پریم یونین نے ریل کا پہیہ جام اور ہیڈ کوارٹرزکے گھیرائو کی د ھمکی دیدی

194

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)پاکستان ریلوے ایمپلائز پریم یونین سی بی اے کے قائدو مرکزی صدر حافظ سلمان بٹ اور مرکزی نائب صدر میر نسیم گشکوری نے کہا ہے کہ پریم یونین نے جوچارٹر آف ڈیمانڈ ریلوے انتظامیہ کو دیا ہے وہ ر یلوے کے مزدوروں،چاروں صوبوں اور غریب عوام کی خوشحالی و پاکستان کی مضبوطی کا نشان ثابت ہوگا، اس جنگ میں آخری دم تک لڑوں گا جس کے لیے ٹرین مارچ ،ہڑتال، ریلیاں،احتجاجی مظاہرے ڈی ایس آفس سمیت ریلوے ہیڈ کوارٹرزکا گھیرائو کریں گے، ایسی ہڑتال کریں گے کہ ریل کا پہیہ ہی نہیں بلکہ ریلوے کے افسران کی رگوں میں چلنے والا خون بھی جام کریں گے ، چارٹر آف ڈیمانڈ موت اور زندگی کا نعرہ ہے،ہماری جنگ اداروں یا افسران کے خلاف نہیں بلکہ بے روزگاری اور کرپٹ نظام کے خلاف ہے جو بھی ہمارے راستے میںآئے گا وہ ختم ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار دونوں ر ہنمائوں نے چارٹر آف ڈیمانڈ کے سلسلے میں ریلوے گول باغ سبی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیںمرکزی وصوبائی قائدین کا ریلوے اسٹیشن پر شایان شان استقبال کیا گیا، قائدین کو جلوس کی شکل میں پنڈال تک لایا ہے ،جلسے میں مرکزی سیکرٹری جنرل خیر محمدتونیو ،مرکزی سینئر نائب صدر شیخ محمد انور ، مرکزی آرگنائزر تبربز عباسی ،مرکزی جوائنٹ سیکرٹری عبدالمالک اچکزئی ، ڈویژنل صدر ارشد یوسفزئی ڈویژنل سیکرٹری قدرت بڑیچ ،سینئر نائب صدر ماما شاہ بیگ مری ، ڈویژنل آرگنائزر عبدالحکیم خلجی ، ڈویژنل چیئرمین ملک اکرم بنگلزئی،مرکزی میڈیکل سرکل چیئرمین میر عبداللہ شاہوانی ،ریاض احمد ہاڑہ ، حاجی فضل کرم ، حاجی علی نواز بگ ، محمد ایوب ہاڑہ ، میر محمد مینگل ، شاہ جہان چانڈیہ ، حاجی محمد ابراہیم ،سید ندیم شاہ ، میر اللہ بخش مری ،شعیب عمرانی سمیت کوئٹہ، سبی، لاڑکانہ ،سکھر اور بختیار آباد سمیت بلوچستان کے کونے کونے سے ریلوے پریم یونین کے کارکنان موجود تھے ۔جلسہ عام میں بختیارآباد کے مزدوروں نے قائدین کو اجرگ کا تحفہ پیش کیا۔ خیر محمد تونیو ،میر نسیم گشکوری، ملک اکرم بنگلزئی ، زاہد جاوید، غوث بخش لاشاری ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پریم یونین ریلوے کے ملازمین کی نمائندہ تنظیم ہے جس نے ہر فورم پر مزدوروں کے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کو اپنا مقصد بنایا، ریلوے کی ترقی ملازمین کی خوشحالی میں ریلوے پریم یونین نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا،یہ جلسہ عام ملک بھر کے ملازمین کے لیے خوشی کی نوید لے کر آئے گا، ملازمین ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں ،جن کے حقوق کے حصول کے لیے ہر فورم پر جدوجہد کی جارہی ہے،ریلوے پریم یونین ملازمین کی بلارنگ ونسل خدمت پر یقین رکھتی ہے، پریم یونین ملک بھر کے ریلوے ملازمین کے حقوق پر ڈاکا زنی کی اجازت نہیں دے گی،پریم یونین کے مرکزی و صوبائی قائدین نے ریلوے کی ترقی وملازمین کی خوشحالی میں جو جدوجہد کی وہ کسی سے پوشیدہ نہیں،ریلوے ملازمین کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں بابائے مزدور حافظ سلمان بٹ نے آواز بلند کی، ہمیں مرکزی وصوبائی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔