قومی کرکٹ ٹیم کی دورہ آسٹریلیا میں پہلی فتح

764

سڈنی: پاکستان نے دورہ آسٹریلیا میں پہلی کامیابی سمیٹ لی، پہلے ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

بینک اسٹاؤن میں کھیلے جارہے پہلے ٹی 20 میچ میں کرکٹ آسٹریلیاکی کپتان کریس لین نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20  اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔گیبسن اور فریسر نے کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا جو اچھا ثابت نہ ہوسکا اور ٹیم میں کم بیک کرنیوالے محمد عرفان نے پہلے ہی گیند پر گیبسن کو بولڈ کر دیا۔

آسٹریلیا کی دوسری وکٹ پانچویں اوور میں گری جب کپتان کریس لین 24 رنز بنا کر وہاب ریاض کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے۔محمد عرفان نے چار اوورز میں صرف 19رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی، شاداب خان نے بھی فارم کو باحال کرنے کی کوشش کی اور  3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کرکٹ آسٹریلیا  کی بیٹنگ کے جواب میں قومی ٹیم کی اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے کیا ، پہلی وکٹ کی شراکت میں دونوں نے 74 رنز بنائے۔پاکستان کی پہلی وکٹ 10 ویں اوور میں گری جب کپتان بابر اعظم 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس دوران فخر زمان کا بلا رنز اگلتا رہا تاہم وہ بھی 43 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

گرین شرٹس نے مقررہ ہدف با آسانی 18 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا۔

واضح رہے پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا کے دوران ٹی 20 سیریز کے میچز 3 نومبر کو سڈنی، 5 کو کینبرا اور 8 نومبر کو پرتھ میں کھیلے جائیں گے۔