سندھ حکومت کا آوارہ کتوں پر 30 کروڑ روپے خرچ کرنے کا فیصلہ

120

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے کتوں کو اینٹی رے بیز انجکشن لگانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں آوارہ کتوں کو پکڑنے اور انہیں انجکشن لگانے کے لیے بلدیاتی عملے کی ٹریننگ کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے رے بیز سے ہونے والی اموات کے پیش نظر آوارہ کتوں کو اینٹی رے بیز کے انجکشن لگانے کی منصوبہ بندی کر لی ہے، سندھ حکومت آوارہ کتوں کے مجوزہ منصوبے پر30 کروڑ روپے خرچ کرے گی۔ آوارہ کتوں کو پکڑنے اور انہیں انجکشن لگانے کے لیے افریقی تربیت یافتہ ماسٹر ٹرینرز سندھ کی بلدیاتی کونسلز میں عملے کو ٹریننگ دیں گے، آوارہ کتوں کے لیے ہر ضلع میں2 سے3 سینٹرز بنائے جائیں گے۔ سندھ حکومت نے آوارہ کتوں کو زہر دے کر مارنا بھی ممنوع قرار دے دیا ہے، منصوبے کے تحت7 سال میں آوارہ کتوں کی نسل ختم کرنے کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے۔