اساتذہ کا14اکتوبر کووزیراعلیٰ ہائو س پردھرنے کااعلان

231

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) آئی بی اے ٹیسٹ پاس ہیڈ ماسٹرز و ہیڈ مسٹریس کی کراچی پریس کلب پر جاری بھوک ہڑتال آج جمعہ کو21ویں دن میں داخل ہوگئی۔ احتجاجی ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ مسٹریس نے 14اکتوبر کو وزیر اعلیٰ ہائوس پر دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی بی اے ٹیسٹ پاس ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ مسٹریس نے بھوک ہڑتال کے20ویں دن کراچی پریس کلب پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھوک ہڑتال میں بیٹھے ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ مسٹریس کا مستقلی کے مطالبے کے حصول کے لیے بارش اور شدید گرمی کے دوران بھی ہیڈ ماسٹرز احتجاجی کیمپ میں رات گذارنے پر مجبور ہیں۔ بیس دن گزرنے کے باوجود احتجاجی کیمپ پر کوئی حکومتی نمائندہ بھی نہیں آیا۔ اس بے حسی کو کیا نام دیا جائے۔ ہیڈ ماسٹرز کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے ہیڈ ماسٹرز کے مستقلی کی حل تشکیل دی گئی کمیٹی نے بھی ابھی تک رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی اِس پر کوئی بات ہوئی ہے ۔پریس کانفرنس کے دوران سید محمد کامران کا کہنا تھا کہ ہمارا مستقلی کا مطالبہ اصولی ، اخلاقی اور قانونی طور پر جائز ہے مگر سندھ حکومت میرٹ پر بھرتی کی سزا دے رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سے گزارش کرتے ہیں کہ تشکیل شدہ کمیٹی مستقلی کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہر ہ کرے اور ہمارا مستقلی کا مسئلہ حل کرے بصورت دیگر ہم مجبور ہوں گے کہ 14اکتوبر کو وزیر اعلیٰ ہائوس پر دھرنا دیں ۔