سندھ کی تقسیم کا خواب دیکھنے والے نیست ونابود ہوجائینگے،مراد علی شاہ

166

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ کی تقسیم کا جھوٹا خواب دیکھنے والوں کا 2 ماہ قبل ہی میں نے سندھ اسمبلی کے فلورپر پردہ اٹھایا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہ دھرتی ہے تب تک صوبہ سندھ متحد اور ایک رہے گا اور جو لوگ سندھ کے ٹوٹنے کا خواب دیکھ رہے ہیں وہ نیست و نابود ہو جائینگے۔وہ نیئنگ شریف کے گدی نشین اور پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سید غلام شاہ جیلانی کے انتقال پر انکے بیٹوں سید صالح محمد شاہ جیلانی اور سید احمد علی شاہ جیلانی سے تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سید غلام شاہ جیلانی کے انتقال سے سندھ اور بلوچستان کی سیاست میں ایک خلا پید ا ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سید غلام شاہ جیلانی 5 مرتبہ سندھ اسمبلی کے رکن رہے اور سندھ اور بلوچستان کے لوگ سید غلام شاہ جیلانی کے انتقال پر غمزدہ ہیں،بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ نے مرحوم سید غلام شاہ جیلانی کی قبر پر جاکر فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما رئیس امان اللہ شاہانی ، ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن ریٹائرڈ فرید الدین مصطفی ، ایس ایس پی جامشورو توقیر محمد نعیم اور دیگر بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ