بلوچستان میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں اور مظاہرے

194

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے صوبے بھر میں ریلیاں اور مظاہرے۔ کمشنر سبی ڈویژن سید فیصل احمد شاہ، ڈپٹی کمشنر سبی سید زاہد شاہ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر امتیاز مری کی قیادت میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں عوام، ملازمین، سماجی تنظیموں، سپورٹس مین، بوائز سکاؤٹ، سابقہ کونسلر، اقلیتی نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلی تحصیل چوک، جناح روڈ، ساقی چوک سے گزرتی ہوئی پریس کلب پہنچی جہاں پر مقررین نے خطاب کیا اور کشمیر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کشمیر کی تاریخی حیثیت کو اجاگر کیا۔ ڈیرہ بگٹی کے علاقے زین لوٹی میں لوٹی بازار سے لوٹی گیس فیلڈ تک ریلی نکالی گئی، جس میں سول سوسائٹی، سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔ شرکا نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج اور کشمیر کے حق میں نعرے درج تھے۔ نیشنل پارٹی اور سول سوسائٹی کی جانب سے ضلع بارکھان میں بازار سے پاکستان چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں شریک افراد نے کشمیریوں اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔ بھاگ کے علاقے میں لیویز کے جوانوں نے شہر بھر میں کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لیے پوسٹر آویزاں کردیے۔ لیویز کے جوانوں کا کہنا تھا کہ کشمیر کو پاکستان سے کوئی جدا نہیں کرسکتا، کشمیری بھائی خود کو تنہا نہ سمجھیں، بھارت نے اگر میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔