مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حثیت ختم، کشمیر دو حصوں میں تقسیم

1029

سری نگر: بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے آئین کے آرٹیکل 370 کی شق ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے یہ اعلان بھارتی پارلیمنٹ میں تقریر کرتے ہوئے کیااس سے قبل بھارت کی قابض سرکار نے مقبوضہ وادی کشمیر میں دفعہ 144 نافذ کرکے غیرمعینہ مدت کے لیے کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب مقبوضہ وادی میں گزشتہ روز پوری سیاسی قیادت کو نظربندکردیا گیا  ہے۔

بھارتی آئین کی شق 370 کے خاتمے کا مطلب مقبوضہ وادی کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ ہے جس کے بعد عام بھارتیوں کو یہ حق حاصل ہو جائے گا کہ وہ مقبوضہ وادی چنار میں جائیداد خرید سکیں گے۔

مقبوضہ وادی کشمیر کی قیادت پہلے ہی بھارت پر یہ الزام عائد کرتی آئی ہے کہ وہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کا خواہاں ہے تاکہ وہاں کشمیری اقلیت میں ہو جائیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق اسرائیل کا دورہ کرنے والے واحد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دراصل اسی فارمولے پر عمل پیرا ہیں جو ویسٹ بینک میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی حکومت نے اپنایا تھا۔

بھارت کی قابض سرکار نے اس اعلان کے ساتھ ہی مقبوضہ وادی کشمیر کو دو ریاستوں میں تبدیل کرنے کا بھی اعلان کردیا ہے جس کے تحت ایک حصہ لداخ کہلائے گا جس کی قانون ساز اسمبلی نہیں ہے جب کہ دوسرا جموں و کشمیر ہوگا جس کی نام نہاد قانون ساز اسمبلی ہے۔