بلوچستان بھر میں سینئر ایجوکیشن ایمپلائز ایکشن کمیٹی کی علامتی بھوک ہڑتال

220

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سینئر ایجوکیشن ایمپلائز ایکشن کمیٹی کی علامتی بھوک ہڑتال 9 ویں روز بھی جاری رہی۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سینئر اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے ملازمین پریس کلبز کے باہر لگے کیمپوں میں صبح نو سے دوپہر بارہ بجے تک علامتی بھوک ہڑتال پر بیٹھے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ اساتذہ اور ملازمین کا کہنا تھا کہ انہوں نے صوبائی حکومت کو لازمی، تعلیمی ایکٹ کے خاتمے، پچاس فیصد پروموشن کوٹا دینے اور کنونس الائونس کی بحالی سمیت 15 نکات پر مشتمل چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا لیکن صوبائی حکومت کی جانب سے عمل کرنے کے بجائے سرد مہری سے کام لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو 15 جولائی کو کوئٹہ کے ہاکی چوک پر دھرنا دیا جائے گا، جس میں صوبے بھر سے سینئر اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے ملازمین شرکت کریں گے۔