کوئٹہ، نجی اسپتال میں عملے کی مبینہ غفلت سے مریض دم توڑ گیا

240

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ کے نجی اسپتال میں عملے کی مبینہ غفلت سے مریض دم توڑ گیا، لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کردی، ڈپٹی کمشنر نے ایکشن لیتے ہوئے اسپتال کی ایمرجنسی اور فارمیسی کے شعبوں کو سیل کردیا، عملے کے 3 افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں واقع نجی اسپتال میں ستائیس سالہ علی محمد کو گردوں میں تکلیف کے باعث لایا گیا، جہاں انہیں انجکشن لگائے گئے، انجکشن کے لگتے ہی مریض کی حالت مزید خراب ہوگئی اور چند منٹوں کے اندر ہی وہ چل بسا۔ مریض کی ہلاکت کیخلاف لواحقین نے مظاہرہ کیا اور سڑک بند کر کے ٹریفک معطل کردی۔ مظاہرین نے حکومت سے تمام نجی اسپتالوں میں رات کے اوقات میں کوالیفائیڈ ڈاکٹرز اور تربیت یافتہ عملے کی تعیناتی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ طاہر ظفر عباسی کے مطابق واقعہ کے بعد فوری ایکشن لیتے ہوئے اسپتال میں ایمرجنسی اور فارمیسی کے شعبوں کو سیل کردیا گیا جبکہ عملے کے تین افراد کوبھی گرفتار کرلیا گیا۔