جنہوں نے نواز شریف کو گرایا وہ حمزہ اور شہباز کو بھی اندر کرانا چاہتے ہیں،شیخ رشید

87

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ جنہوں نے نواز شریف کو گرایا وہ اب حمزہ اور شہباز کو بھی اندر کرنا چاہتے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ جنہوں نے نواز شریف کو گرایا وہ حمزہ اور شہباز کو بھی اندر کرنا چاہتے ہیں،میں تو کہتا ہوں نواز شریف لندن جانا چاہتے ہیں تو جانے دیں، دفعہ مار نیا پارکہنے سے پی ٹی آئی لوگ ناراض ہو جا تے ہیں لیکن گند کو صاف کر دینا چاہیے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 126 دن بیٹھنا ان کے بس کی بات نہیں ہے،نوازشریف کے اپنے بندے ہیں اور شہبازشریف کے اپنے، ایک نواز لیگ ہے اور ایک شہباز لیگ، شہباز شریف اور میری مدر پارٹی ایک ہی ہے، ہم نے کبھی پارٹی نہیں بدلی جب کہ منتخب آدمی کو سلیکٹڈ کہنا نامناسب بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم کی ہدایت پر لاہور، سرگودھا ٹریک کو میانوالی تک لے جا رہے ہیں، ایک شخص مدثر نے مفت ریلوے ٹریکر سسٹم فراہم کیا ہے، جب تک ایم ایل ون مکمل نہیں ہو گا ڈی ریلنگ کا خطرہ موجود رہے گا، نئی چلائی جانے والی 10ٹرینیں منافع میں جارہی ہیں،17لاکھ لیٹر تیل بچایا ہے، ایم ایل ون کا معاہدہ 14سال پہلے کیا تھا، آج ریلوے میں 10دن کے ایندھن کا اسٹاک رکھا گیا ہے، ایک سالہ رپورٹ آنے پر مخالفین دنگ رہ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سکھر، روہڑی ٹریک کی حالت بہت خراب ہے، گزشتہ ایک سال میں ریلوے نے تاریخ میں سب سے زیادہ کمائی کی ہے، ریلوے چل پڑی ہے اور چیزیں بہتر ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم 3جولائی کو سرسید ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔

پشاور سے قندھار تک ریلوے ٹریک کو بحال کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، امید ہے کہ امیر قطر کے دورے کے بعد افغانستان کے صدر اشرف غنی بھی جلد پاکستان آئیں گے اور تمام ریلوے لائنز پر بات چیت ہو گی۔