سٹیزن پورٹل پر ٹیکسوں سے متعلق شکایات میں سے 6000 نمٹادی گئیں

49

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 28 اکتوبر 2018 سے اب تک پاکستان سٹیزن پورٹل پر ٹیکسوں سے متعلق موصول 6864 شکایات میں سے 6000 نمٹادی ہیں۔ ایف بی آر نے 28 اکتوبر 2018 کو ٹیکس دہندگان کی شکایات کے جلد ازالے کے لیے پاکستان سٹیزن پورٹل لائونچ کیا تھا جس سے ٹیکس دہندگان کو ریلیف ملا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب 864 ٹیکس دہندگان کی شکایات باقی رہ گئی ہیں جن میں 650 نئی شکایات ہیں جبکہ 214 شکایات ازالے کے مراحل میں ہیں۔ 6864 شکایات میں سے 741 ٹیکس پالیسی سے متعلق تھیں جبکہ 1300 شکایات کا تعلق کسٹمز کے مختلف مسائل سے تھا۔ زیادہ تر شکایات اسمارٹ موبائل فونز پر کسٹمز ڈیوٹی کے نفاذ کے بارے میں تھیں جو بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو اسمارٹ فونز رجسٹرڈ کرانے میں ہوئیں۔ پالیسی کے مطابق بیرون ملک سے آنے والا ہر پاکستانی 5 اسمارٹ فونز اپنے ہمراہ لاسکتا ہے جس میں سے ایک فون ڈیوٹی فری جبکہ 4 فونز پر ڈیوٹی لاگو ہوتی ہے۔ ایف بی آر نے تمام انٹرنیشنل ایئر پورٹس پر ڈیسک قائم کر رکھے ہیں جہاں لائے گئے فونز رجسٹرڈ کرائے جاسکتے ہیں۔