ایڈز کی وبا پر قابو نہیں پایا گیا تو بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوگا

51

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف حیدرآباد ڈویژن کے سینئر نائب صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت کی بداعمالیوں کی وجہ سے پورا سندھ ایڈز زدہ ہوتا جارہا ہے۔ اگر اس پر سنجیدگی سے قابو نہیں پایا گیا تو بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ایڈز موذی بیماری ہے جس کا علاج انتہائی مشکل ہے لیکن اتائی ڈاکٹروں اور محکمہ صحت کے ذمے داران کی غفلت کے نتیجے میں یہ بیماری ایک ضلع سے دوسرے ضلع اور دوسرے سے تیسرے ضلع تک پہنچتی جارہی ہے ۔ خود وزیراعلیٰ سمیت پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقارعلی بھٹو کے گاؤں میں بھی اس موذی بیماری نے تباہی مچادی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو وقت سے پہلے ہی اس صورتحال کے حوالے سے ہماری اعلیٰ قیادت نے مطلع کیا تھا لیکن ان کی بات پر کان نہیں دھرے گئے، حتی کہ جب اس ایشو کو اسمبلی میں اٹھایا تو بھی ان کا مذاق اڑایا گیا اور ان کی قرارداد کو رد کردیا گیا لیکن اب وہی ساری باتیں سچ ثابت ہورہی ہیں۔ اگر اس وقت صوبائی حکومت اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اس کا تدراک کرتی تو بہت ساری قیمتی جانیں بچائی جاسکتی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ان حکمرانوں کو اپنی جانوں کی تو فکر ہے ، خود چھوٹے سے علاج کے لیے بھی لندن اور امریکا کے اسپتالوں میں جاتے ہیں جبکہ غریب عوام مہلک بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں اور ان کی داد رسی کرنے والا کوئی نہیں ہے۔