پا کستان کی امن کی خواہش پوری دنیا کی خواہش ہے ‘ جمعیت اہلحدیث

46
مرکزی جمعیت اہل حدیث سندھ کی کانفرنس میں مولانا علی محمد ابو تراب اور دیگر رہنما پاک فوج سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں
مرکزی جمعیت اہل حدیث سندھ کی کانفرنس میں مولانا علی محمد ابو تراب اور دیگر رہنما پاک فوج سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)مرکزی جمعیت اہل حدیث سندھ کی دوروزہ ’’ آل سندھ اہل حدیث کانفرنس‘‘ کے پہلے روز خطاب کرتے ہوئے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر مولانا علی محمد ابو تراب نے کہا کہ پا کستان کی امن کی خواہش پوری دنیا کی خواہش ہے لیکن بھارت جنگ کر کے دنیا کے امن کو برباد کرنا چاہتا ہے جس کی پوری دنیا مذمت کرتی ہے ، حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاک فوج کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عزم کرتے ہیں ۔ مولانا علی محمد ابو تراب نے کہا کہ اہل حدیث کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے جہاں پاک فوج کا پسینہ گرے گا وہاں اہل حدیث اپنا خون پیش کریں گے اور پاک فوج کی ایک آواز پر اہل حدیث یوتھ فورس کے جذبہ جہاد سے سرشار ہزاروں سرفروش نوجوان پیش کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو بھارتی پائلٹ کے بدلے کرنل حبیب کو چھڑانے کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے تھی ۔ مولانا علی محمد ابو تراب نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے ، ہم ہر قسم کی جارحیت کا موثر اور بھر پور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے جنگی جنون پر بھارت کے عوام اسے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اس کے بر عکس پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں پر عوام فوج کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا علی محمد ابو تراب نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی نے گروہوں میں بٹے ہوئے عوام کو ایک قوم بنا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان اور پاکستانی عوام سے اپنے بے لوث تعلق کو عزیز رکھا ہے اور پاکستان بھی حرمین شریفین کے دفاع اور تحفظ کے لیے کبھی پیچھے نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یمن کے حوثی باغیوں کی کعبۃ اللہ کے خلاف کی جانے والی ہر کوشش کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔