سیرت مصطفی ﷺ کو اپنانے سے معاشرتی برائیوں سے چھٹکارا مل سکتا ہے

50

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سیرت مصطفی ﷺ کو اپنانے سے ہی معاشرتی برائیوں سے چھٹکارا اور عدل وانصاف کی فضا قائم کی جا سکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عشرہ ربیع الاول منانے کے حوالے سے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں مختلف مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے سیاسی و مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی ناانصافیوں کی وجہ سے ہرطرف بدامنی، قتل و غارت اور جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ دین سے دوری اور نبی کریم ﷺ کے طریقوں کو چھوڑ نے کی وجہ سے مسلمان زوا ل کی طرف جا رہے ہیں جبکہ مسلمانوں کے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت سے مضبوط تعلق استوار کرنے میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں مسلمانوں کے ساتھ کیا سلوک ہو رہا ہے، کسی کی نظروں سے اُوجھل نہیں ہے۔کشمیر میں بھارتی فوج ریاستی دہشت گردی کر رہی ہے جس کی پست پناہی امریکا سمیت اسلام دشمن قوتیں کر رہی ہیں جبکہ شام ، برما اور روہنگیا میں بھی مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے عالمی فورم اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیریوں ، فلسطینیوں اور برما مسلمانوں پر مظالم رکوانے کے حوالے سے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں اور مسلم حکمران بے حسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں اور عملی اقدامات کرنے کے بجائے مذمتی بیانات تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں ۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ اسلام دشمن عناصر پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف گھناؤنی سازشوں میں مصروف عمل ہیں۔ اگر پوری امت مسلمہ اللہ تعالیٰ اور اس کے آخری رسول ﷺ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لے تو تمام مسائل کے حل کیساتھ ظلم کے پہاڑوں کو بھی توڑا جا سکتا ہے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.