دولت وطاقت کی سیاست نے ملک کو تباہ کردیا‘ معراج الہدیٰ

102
ٹھٹھہ: امیر جماعت اسلامی سندھ معراج الہدیٰ صدیق مزدور کنونشن سے خطاب کررہے ہیں
ٹھٹھہ: امیر جماعت اسلامی سندھ معراج الہدیٰ صدیق مزدور کنونشن سے خطاب کررہے ہیں

کراچی /ٹھٹھہ (اسٹاف رپورٹر/نمائندہ جسارت ) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ ووٹ بیچنے والی سیاست نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کردیا ہے، سینیٹ الیکشن میں نوٹوں کے استعمال کو روکنے میں الیکشن کمیشن مکمل طور پر ناکام ہوچکاہے، دولت اور طاقت کی سیاست نے غریب عوام کو تباہی اور بربادی کے سوا کچھ بھی نہیں دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھٹھہ میں مزدور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے مزدور کا کوئی مستقبل نہیں ہے، سندھ کے عوام کو شعور کا مظاہرہ کرنا ہوگا2018ء کا انتخاب ان کی زندگیوں کو تبدیل کرنے کا پیش خیمہ بن سکتا ہے ،سندھ میں جماعت اسلامی کی دیانتدار اور اہل قیادت میدان میں موجود ہے ، سندھ کی موجودہ قیادت کو اگر ہزار بار موقع ملے پھر بھی غریب آدمی کا کوئی مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔ نواز شریف اداروں سے ٹکرانے کے بجائے اپنے گناہوں کا کفارہ ادا کریں، غازی ممتاز قادری کو پھانسی اور ختم نبوتؐ قانون میں ترمیم کرکے نواز شریف نے اللہ کے غضب کو دعوت دی ، وہ خود دلدل میں پھنسنے کے بعد عدلیہ اور فوج پر حملے کرکے پورے جمہوری سسٹم کو لپیٹنا چاہتے ہیں لیکن ان کی تمام کوششیں اور سازشیں ناکام ہونگی۔اس موقع پر مقامی بااثر شخصیات فقیر مگسی، رفیق مگسی نے اپنے سیکڑوں حامیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔ تقریب میں جے آئی یوتھ سندھ کے صوبائی صدر سردارفرہاد گل،ضلعی امیر مولاناعطاالرحمن بلوچ، ملاح اتحاد کے رہنما آدم گندرو،اسمال ٹریڈرس پاکستان کے صدر محمود حامد سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ