رمضان، عید اور محمد شاہ رنگیلے

کائنات میں رب کریم کا محبوب ترین ماہِ رمضان المبارک دنیا بھر میں امت ِ مصطفیٰ ﷺ نے عقیدت و احترام سے منایا، مساجد میں نمازیوں کی بڑی تعداد میں ذکر خدا اور ذکر مصطفی کے جلوؤں میں ہر شام عید کا سا سماں رہا ، افطاری کے بعد نماز تراو یح ، نماز فجر میں نمازیوں کی شرکت اور عبادت سے مومنوں کے دلوں میں نور کے جلوے روشن رہے

نماز جمعہ کے عظیم الشان اجتماعات میں مومن کی آنکھوں میں مذہبی چمک اور چہروں پر مسکراہٹ کھیلتی نظر آ ئی ، صاحبان ِ ثروت اور خدا دوستوں نے افطار پارٹیوں کا احتمام کیا خیرات و زکواة میں دین مصطفی سے اپنی محبت کا اظہار کیا ، خوش نصیب ہیں وہ جنہوں نے رمضان المبارک میں جنت کمائی، اور بد نصیب ہیں وہ جنہوں نے دنیا کمائی،،

رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں فروٹ سبزی منڈیوں کے آڑھتیوں کی شیطان دوستی سے بے پرواہ انتظامیہ کی چشم پوشی کی وجہ سے پاکستان بھر میں ہوش ربا مہنگائی رہی مزدور پیشہ کیا، سفید پوش بھی پریشان رہے لیکن دنیا جانتی ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں رمضان المبارک در اصل ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے لئے کمائی کا سیزن ہے ، اس لئے کہ حرام خوری جس کے خون میں شامل ہو جائے وہ مذہبی ایام اور احترام بھول جایا کرتے ہیں ، جمعتہ الواع کے اجتماعات میں علمائے کرام اور مشائع عظام نے عالم اسلام کے مذ ہبی حسن کے لئے دعاؤں کے ساتھ فلسطین اور غزہ کے محصور و مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار میں خصوصی دعائیں مانگیں

شوال کا چاند نظر آنے کے ساتھ رمضان المبارک الوداع ہو گیا، اور نمازعید الفطر کی عظیم الشان اجتماعات میں دین مصطفی کے علم بردار رب کریم کے حضور سر بسجود ہوگئے ، دنیا بھرکے مسلمان عیدالفطر منا رہے تھے جب کہ فلسطین اور غزہ کے مسلمان خون میں نہلائے جارہے تھے، مومن ایک دوسرے کو عید مبارک کہہ رہے تھے اس لئے کہ یہ ایک مذہبی تہوار ہے لیکن نہ تو ان کی آنکھوں میں مسکراہٹ تھی اور نہ ہی چہر وں پر مسرت!

عید الفطر کے دن پنجاب پولیس بہاولنگر میں چادر اور چار دیواری کی عظمت سے بے پرواہ ایک گھر میں داخل ہوئی ، ملزم کی تلاش میںپورے گھر کو تہس نہس کرکے رکھ دیا خواتین اور بچوں پر تشدد گھر کے مکینوں سے برداشت نہیں ہوا توانہوں پولیس کو پکڑ کرپہلے ان کی درگت بنائی پھر کمرے میں بند کر دیا ۔ اطلاع ملنے پر فوج اور رینجرز کے باوردی اہلکار سرکاری گاڑی میں تھانے آئے انہوں نے پہلے تھانے کے اطراف میں لگے کیمرے توڑے اور پھر تھانے میں موجود افسران اور جوانوں کی خوب دھلائی کی ، اہلکاروںنے 9,مئی کو لاہور کے گورنر ہاوس کا جوحشرہوا تھا ، تھانے کا حشر اس سے کچھ زیادہ کر دیا البتہ وہاں آگ نہیں لگی ۔ دو قومی اداروں کے درمیان عید الفطر کے دن جو ہوا، دنیا نے دیکھا، دونوں ادارے جو کئی ماہ سے مل کر پاکستان دوستوں پر اپنے دیس کی سر زمیں تنگ کئے ہوئے ہیں ، عید کے آپس میںدست و گریباں ہو گئے دونوں اداروں کا قومی وقار مجروح ہو گیا لیکن کسی کو شرم نہیں آئی البتہ پاکستان دنیا بھر میں شرمندہ ضرور ہوا

عید الفطر کے بعد معدنیات کی دولت سے مالامال لیکن بنیادی حقوق سے محروم صوبہ بلو چستان کے شہر پشین سے اپوزیشن کے گرینڈز الائنس نے افواج پاکستان کے جرنیلوں کو للکارتے ہوئے کہا ، ہم جرنیلوں کے پاکستان کو نہیں مانتے، جو آئین کو تسلیم نہیں کرتا وہ مردہ باد بھی ہے اور غدار بھی ! جب کہ ا یران نے شام میں اپنے سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کا بدلہ لینے کے لئے اسرائیل پر چاروں طرف سے میزائل حملہ کر کے اسرائیلی یہودیوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے ، دنیا تیسری عالمی جنگ کی طرف بڑھ رہی ہے اور پاکستان پر قابض فارم 47,کے حکمران محمد شاہ رنگیلوں کا کہنا ہے ، ، ہنوز دہلی دور است !