انٹارکٹیکا میں تحقیقی مرکز فعال

 

ابھی حال ہی میں چین کی جانب سے انٹارکٹیکا میں نیا ریسرچ سینٹر چھن لنگ اسٹیشن مکمل کیا گیا ہے اور اس نے باقاعدہ تحقیقی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ چھن لنگ اسٹیشن انٹارکٹیکا میں ایسا تیسرا چینی تحقیقی مرکز ہے جو پورے سال کام کرنے کے قابل ہے۔یہ اسٹیشن موسم گرما میں 80 اور سردیوں کے دوران 30 افراد کی میزبانی کرسکتا ہے۔انٹارکٹک کے بحیرہ راس کے قریب پتھریلے، ہوا سے بھرے جزیرے پر تعمیر کی جانے والی اس نئی تنصیب نے سائٹ پر منفرد ماحولیاتی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک مربوط مقامی نظام اور سبز ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔5244 مربع میٹر پر پھیلے اس نئے اسٹیشن کو چین کے لیجنڈری میرینر ژینگ ہائی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سدرن کراس مجمع النجوم کی شکل میں ڈیزائن کیا گیا ہے، جنہوں نے مغربی سمندروں کے اپنے سفر کے دوران نیوی گیشن کے لئے مجمع النجوم کا استعمال کیا تھا۔

چھن لنگ اسٹیشن کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں ایک مرکزی مشترکہ کمرہ بھی شامل ہے جو کھانے اور پیشہ ورانہ مقاصد کے کام آتا ہے، یہ کمرہ موسم گرما کی دو رہائشی شاخوں اور لیبارٹریوں سے جڑتا ہے۔ موسم سرما کے ہاسٹل مرکز کی دوسری منزل پر واقع ہیں۔آرکیٹیکٹ کے مطابق، انٹیریئر ڈیزائن انتہائی مربوط ہے اور چین میں ماڈیولز میں تعمیر کیا گیا تھا تاکہ انہیں سائٹ پر جمع کیا جا سکے. مرکزی عمارت کا طویل محور ہوا کی موجودہ سمت سے مطابقت رکھتا ہے۔ انٹارکٹک برف کو جمع ہونے سے روکنے کے لئے گراؤنڈ فلور کے کچھ حصوں کو بلند کیا گیا ہے۔یہ اسٹیشن اس انداز سے تعمیر کیا گیا ہے جس میں کم سے کم تعمیری رقبہ شامل ہے اور مقامی منظر نامے پر تعمیری اثرات انتہائی محدود ہیں۔

انٹارکٹک میں سائنسی اسٹیشن کی تعمیر ”نو مینز لینڈ ”میں تعمیر کرنے کے مترادف ہے۔ لہذا، ہر ریسرچ اسٹیشن ایک خود کفیل بنیادی ڈھانچے سے لیس ہے۔یہ پانی کی فراہمی اور فضلے کو ٹھکانے لگانے جیسی بنیادی روزمرہ کی ضروریات کو پورا کرسکتا ہے۔اسٹیشن سے تقریباً ایک کلومیٹر نیچے ایک ہیلی پیڈ زیر تعمیر ہے کیونکہ اسٹیشن پر سامان اور لوگوں کی نقل و حمل کے لئے ہیلی کاپٹر ضروری ہیں۔اسی طرح ایک حصہ اسٹیشن کے لئے توانائی فراہم کرتا ہے۔یہاں توانائی کے دو نئے ذرائع، فوٹو وولٹک اور ہوا کی توانائی کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔ تکمیل کے بعد، نئے اسٹیشن کے لئے توانائی کی فراہمی کا 60 فیصد ان دو ذرائع سے فراہم کیا جائے گا۔

بحیرہ راس زمین کے اُن چند قطبی علاقوں میں سے ایک ہے جو اپنی اصل حالت کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔ یہ سمندری حیاتیاتی تنوع اور ایک مکمل ماحولیاتی نیٹ ورک کا حامل ہے، جو دنیا کی تقریباً 50 فیصد سی ٹائپ جارحانہ وہیل، 40 فیصد ایڈیلی پینگوئن، اور 25 فیصد ایمپریر پینگوئن کی میزبانی کرتا ہے۔2016 میں، انٹارکٹک میرین لیونگ ریسورسز کے تحفظ کے کمیشن (سی سی اے ایم ایل آر) کے 35 ویں سالانہ اجلاس کے دوران، بحیرہ راس کو باضابطہ طور پر دنیا کا سب سے بڑا سمندری محفوظ علاقہ قرار دیا گیا تھا، جس کا کل رقبہ 1.55 ملین مربع کلومیٹر ہے۔ماہرین کے نزدیک یہ ”برف اور آگ” کی جادوئی جگہ ہے کیونکہ جنوب مغربی انٹارکٹک کی آئس شیلفس کے نیچے کئی فعال آتش فشاں موجود ہیں، جن میں سے بہت سے راس آئس شیلف کے نیچے واقع ہیں۔ بحیرہ راس کے ساحل کے ساتھ، بہت سے مشہور آتش فشاں موجود ہیں، جن میں ماؤنٹ ایریبس اور ماؤنٹ میلبورن قابل زکر ہیں۔ یہ برف سے ڈھکے ہوئے ہیں، جس سے پہاڑوں اور سمندر کا حیرت انگیز امتزاج پیدا ہوتا ہے۔یوں، تنہا اور ویران انٹارکٹک پانیوں میں، فعال آتش فشاں کے ہائیڈرو تھرمل چھید قطبی حیاتیات کے لئے توانائی کے قیمتی ذرائع فراہم کرتے ہیں.

بحیرہ راس کا ساحل کئی جغرافیائی خوبیوں کا حامل ہے، جس میں ٹرانس انٹارکٹک پہاڑوں سے وسیع گلیشیئر سمندر میں بہہ رہے ہیں، جو مشہور راس آئس شیلف تشکیل دیتے ہیں۔ بحیرہ راس کے خطے میں عام قدرتی جغرافیائی اکائیوں جیسے لیتھواسفیئر، کریواسفیئر، بائیواسفیئر اور فضا کے مرتکز تعامل کی خوبیاں ہیں، جو اسے اعلیٰ سائنسی اہمیت کا حامل بناتا ہے اور بہت سے ممالک کو تحقیقی اسٹیشن قائم کرنے کی طرف راغب کرتی ہیں۔اس سے قبل چھ ممالک بحیرہ راس کے خطے میں سات تحقیقی اسٹیشن قائم کر چکے ہیں جن میں امریکہ کا مرڈو اسٹیشن، نیوزی لینڈ کا اسکاٹ بیس، جنوبی کوریا کا جانگ بوگو اسٹیشن، روس کا روسکایا اسٹیشن اور لینن گراڈسکایا اسٹیشن، اٹلی کا زوچیلی اسٹیشن اور جرمنی کا گونڈوانا اسٹیشن، شامل ہیں۔چین نے1980 کی دہائی کے اواخر سے اپنے تحقیقی اسٹیشن کی تعمیر کو آگے بڑھایا اور آج اُسے 30 سال سے زیادہ ہو چکے ہیں۔