رحمت العالمين

ماشاءاللہ رب العزت نےاپنی اس کائنات میں آپ کو مبعوث فرمایا، جہالت اور گمراہی میں ڈوبی اس دھرتی میں اُجالا پھیلانے کے لیے جن خوبیوں سے آراستہ کسی ہستی کی ضرورت تھی وہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہی کی ذات اقدس ہے، اللہ رب العزت نے آپ کو ہر قسم کی صفات سے آراستہ کرکے اس جہاں میں جلوہ افروز کیا۔

اُمت مسلمہ کو ہر قسم کی تعلیم و تربیت آپ کی ذات اقدس سے مل سکتی ہے اسی لئے ہمیں اتباع رسولﷺکی پیروی کا حکم دیا گیا ہے سبحان اللہ۔

آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت کے تمام اسباق سے ہمیں بھر پور فائدہ حاصل ہوتا ہے مثلاً آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے انسانی صحت کے لئے بہترین اصول بتائے ہیں جیسا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ ! اللہ رب العزت نے بیماری اور دوا دونوں چیزیں اتاری ہیں اور ہر بیماری کے لیے دوا بنائی ہے پھر اگر تم (اگر بیمار ہو جاو تو) دوا کیا کرو۔

اسی طرح حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا ! اے علی یہ (کھجور) نہ کھاو کہ تم کمزور ہو، پھر میں نے چقندر اور جو تیار کیا؛ حضور اکرمﷺ نے فرمایا ! اےعلی اس میں سےکھالو یہ تمہارے موافق ہے۔(ترمذی ؛ ابن ماجہ)

موجدہ طب کی روشنی میں جدید ریسرچ سے چقندر اور جو کی افادیت ہم سب کو معلوم ہے کہ یہ دونوں چیزیں ہیمو گلوبین کے لیے اور جسم کی قوت اور طاقت کو بڑھانے کے لئے اہم قدرتی اجزاء ہیں۔

اسی طرح آپ نے بھوکے رہنے کو پسند نہیں فرمایا اور مومن کا قوی ہونا پسند فرمایا ہے؛ مسلم شریف کی حدیث مبارکہ ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا کہ ! مومن قوی (قوت والا) مومن ضعیف(کمزور) سے بہتر اور خدا کو زیادہ پیارا ہےاور یہ سب میں خوبی ہے۔

آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اپنی ذات اور نفس کو بے جا تکلیف اور پریشانی سے بچنے کی تاکید فرمائی ہے ترمذی شریف کی حدیث مبارکہ ہے کہ آپ صل اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ نہیں لائق مومن کو کہ اپنے نفس کو ذلیل کرے، صحابہ کرام نے عرض کیا ! اے اللہ کے رسول ﷺ مومن اپنے نفس کو کیوں کر ذلیل کرتاہے؟ آپ نے فرمایا جس بلا کو سہار نہ سکے اس کا مقابلہ کرے۔ یعنی جان بوجھ کر اپنی ذات کو مشکل میں نہ ڈالے جو اپنی طاقت میں نہ ہواس مشکل سے اپنی ذات کو بچائے۔ سبحان اللہ۔

اس مختصر جائزے سے اندازہ لگائیں کہ اللہ کے نبی کریم ﷺ کو جو رحمت العالمين کے درجے پر فائز کیا گیا ہے وہ کیوں؟۔

یہ رحمت العالمين کی اپنی اُمت سے ایک چھوٹی سی محبت کی تصویر ہے آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم تو سراپا رحمت صرف مسلمانوں کے ہی نہیں بلکہ ہر ایک کی بھلائی کے لئے ہیں۔