میری پہچان پاکستان

پاکستان صرف ایک زمینی خطہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک طاقت ہے یہ ایک جذبہ ہے یہ ایک جوش ہے یہ ایک ولولہ انگیز داستان ہے۔

جب یہ سب مل کر ایک ہو جائیں تو ایک پکار آتی ہےایک للکار آتی ہےمیں ہوں پاکستان ہاں وہی پاکستان جہاں کی مٹی سونا اگلتی ہے۔ پٹرولیم، گیس، نمک، کوئلے اور نہ جانے کن کن ذخائر کی صورت میں۔ ہاں وہی پاکستان جہاں ایک منٹ سے بھی کم وقت میں دشمن کے سات جہازوں کو تباہ کرنے والا جانباز ہےاور اسکی خاطر جان قربان کرنے والے میجر طفیل ہو یا عزیز بھٹی۔ مریم مختار ہو یا راشد منہاس، یہ شہدا میرے وطن کی شناخت ہیں۔ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے ڈاکٹر عبد القدیر خان ہوں یا انسانیت کو معراج پر پہنچا نے والے عبد الستار ایدھی۔ نوسالہ ارفع کریم جیسا دماغ ہو یا وہ طالبہ جس نے ایسا چشمہ بنایا کہ ڈرائیور کو اگر نیند آجائے تو الارم بج جائے یاوہ ذہین سائنسدان عافیہ صدیقی کہ جس کی ذہانت سے گھبراکر اسے قید کرلیا گیا ہو۔

ہاں یہ وہی پاکستان ہے جہاں کے رہنے بسنے والےہمدردی اور مدد کے جذبے سے مالا مال ہیں جب ہی تو2005 کےقیامت خیز زلزلہ میں پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد تھی اور زلزلہ زدگان اور پھر سیلاب زدگان کی جس طرح بھرپور مدد کی گئی اس کی مثال پوری دنیا میں کہیں نہیں۔ ہاں یہ ہے میرا پاکستان، جہاں آج کے اس مادیت پسند دور میں بھی ایسے نوجوان موجود ہیں جو بزرگوں کی بے حد عزت و احترام کرتے ہیں چاہے وہ گھر میں رہنے والے بزرگ ہوں یا اطراف کے۔

ہاں یہ میرا پاکستان ہے جہاں باپردہ بیٹیاں تعلیم کے میدان میں جھنڈے گاڑ کر ہر شعبے میں اپنی قابلیت کے جوھر دکھارہی ہیں۔ یہ ہے میرے پاکستان کا مختصر سا خاکہ۔ اس کے روشن چہرے کو چھوڑ کر دشمنوں نے مایوسی اور نا امیدی کی ایک فضا بنادی گئی ہے، مایوسیوں کے اندھیرے غار میں نوجوان نسل کو دھکیلا جارہاہے۔ آج ہماری زمہ داری دگنی ہو گٸی ہے ہمیں ہر صورت اپنے نوجوانوں کو مایوسی سے نکال کر روشنیوں کی طرف لوٹانا ہے وطن کی محبت دلوں کے اندر جگانا ہے۔

یہ ملک ہم سے ہماری محبت مانگ رہا ہے میرے ہم وطنو کہیں اسے خالی ہاتھ نہ لوٹادینا ! ہمارا وطن پاکستان اللّہ کی طرف سے ایک عظیم اور نایاب تحفہ ہے اس کی قدر کرو ۔اللّہ رب العزت ہمارے وطن کی حفاظت کرنا۔اس کو تا قیامت قائم ودائم رکھنا۔ دنیا کے گلدستے میں ایک پھول میری پہچان ہےمیں ہوں پاکستانی میری جان پاکستان ہے۔