اے مسلماں پلٹ اپنے رب کی طرف

اس وقت پوری دنیا وبا کا شکار ہے عجیب صورتحال ہے، ہم نے سوچا بھی نہیں تھا، تصور میں بھی نہ تھا کہ ہم اس دور سے گزریں گے۔ ظاہر ہے یہ ایک سخت آزمائش اور تنبیہ ہے مسلمانوں کے لیے اور موقع بھی کہ ہم اللہ سے رجوع کرلیں، توبہ استغفار کریں، نجانے کتنی غفلتوں میں یہ شب و روز گزرے ہیں۔

اپنا محاسبہ کرنا ہوگا، جمع تفریق کے مرحلے سے گزرنا ہوگا، کس کس سے منہ موڑا ہے، کس کس پر غیر ضروری گرفت کی ہے،غیر منصفانہ رویہ کہاں برتا گیا۔ بہت تفصیل سے اپنی ذات کا آڈٹ کرنا ہے، کورونا کی صورت میں ہمیں اللہ نے سوچنے کا سمجھنے کا سنہری موقع دیا ہے۔

 سب سے زیادہ آزمائش اولاد اورمال سے ہے، میرا مال کہاں سے آیا، کہاں خرچ ہوا، اولاد کو کس راستے پر ڈالا،اب تو تصویر بالکل واضح ہے۔ دنیا کی جدید ٹیکنالوجی معمولی سے جرثومے کے آگے صفر ہوگئی، اللہ نے اپنی سپر پاور کی ایک جھلک دکھا کر دنیا کی سپر پاور کو ڈھیر کردیا۔

امریکا یورپ میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہورہی ہیں اور وہ لوگ بے بس ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق یہ ہلاکتیں لاکھوں میں جائینگی، ہم جن ترقی یافتہ ممالک کو حسرت سے دیکھتے تھے، وہاں جانے کے خواب دیکھتے تھے، آج مفت میں بھی ویزا ملے تو نہیں جائینگے، یہ ہے دنیا کی حیثیت جس کے پیچھے ہم اپنی پوری توانائی لگادیتے ہیں۔

تو بس اب اپنے قرنطینہ کا بہتر استعمال کیجیے اور قرآن کی تفاسیر کا مطالعہ کیجیے اس وقت صرف و صرف رب کو راضی کرنے کا موقع ہے قرنطینہ کو اعتکاف میں بدل دیجیے ساتھ ہی انسانیت کا درد بھی محسوس کیجیے قربانی کی روح کو سمجھتے ہوئے اپنے اخراجات کا رخ بدل دیجیے۔

مجھے کیا کھانا ہے، مجھے کیا پہننا ہے، اس میں سے میں نکال دیجیے، الماریاں خالی کردیجیے اپنی خواہشات کو بکسوں میں بند کر کے تالا لگادیجیے اور ڈھونڈیے اپنے عزیز ساتھی پڑوسی دوست جو اس وقت سفید پوشی کا بھرم لیے منہ سے کچھ نہیں کہہ رہے لیکن اپنی بے بسی پر اپنے رب کے آگے آنسو بہارہے ہیں۔

بس ان آنسوؤں کو پونچ ڈالیے، گلے شکوے سب بھول جائیے، میرے رب کو کوئی طاقتور فوج کی ضرورت نہیں، اس دنیا کو ختم کرنے کے لیے ایک معمولی جرثومے نے ہلا کر رکھ دیا، اپنے دلوں کو آئینے کی طرح شفاف کرلیجیے جس میں اللہ کی محبت کا سمندر ٹھاٹھیں مار رہا ہو، ان شاءاللہ دنیا قائم رہی تو ہم اپنی نئی زندگی کا آغاز کرینگے۔ جس جس کے پاس جو ذمہ داری تھی اس کا حق ادا کرینگے۔ دیانت داری اور خلوص نیت سے ورنہ… ملیں گے ساتھیوں جنت کے محلات و باغات میں انشاءاللہ ۔

جواب چھوڑ دیں