سرحدوں کے محافظ

بحیثیت پاکستانی ہمارا فخر سرحدوں کے محافظ” افواج پاکستان” بری، بحری اور فضائیہ کے سپاہی ہیں جو ہماری سرحدوں کی حفاظت پر معمور ہیں۔ اللہ کے شیر جن کے حوصلے چٹانوں سے زیادہ مضبوط اور ارادے فولاد سے زیادہ پختہ ہیں یہ محافظ فضاء میں ہوں تو شاہین ہیں۔بحر بیکراں کی تہوں میں ہوں یا دشت کی پنہائیوں میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ ایمانی سے سرشار اپنی خودی میں محو ہیں۔ان محافظوں کے لہو کی حرارت سے حریم جاں میں روشنی ہے صبح کا سویرا ہے۔ان کا ولولہ اور جوش ہماری آن ہے۔ان کی مہارت ہمارا فخر ہے… دسمبر کی یخ بستہ ٹھٹھرتی رات ہو یا جون کی چلچلاتی دھوپ،سیاچن کی رگیں منجمد کرتی برف ہو کہ صحرا کی کڑکتی دھوپ ہر جگہ ہمارے محافظ اپنی ازلی شان سے محو عبادت ہیں۔یہ وہ قابل فخر سپوت ہیں جن کی بدولت ہم دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کے قابل ہیں قربانیوں اور عظمتوں کی لازوال داستانیں رقم کرتے ہمارے یہ بیٹے شہادت کی تمنا لیے ہماری سرحدوں کی نگرانی اور حفاظت پر معمور ہیں…کیپٹن زبیر بھی ایسا ہی ایک شیر دل سپاہی تھا اس کی رگوں میں خون کی جگہ پاکستان کی محبت دوڑتی تھی ملک میں پیش آنے والے کسی بھی سانحہ کے صد باب کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا اس کا خاص وصف تھا،اپنے خاندان کا ہونہار ترین بیٹا ملکی سالمیت پر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر گیا۔آج اعزازیہ تقریب میں سرحد کے اس محافظ کو اعلی ملٹری اعزاز ”ستارہ جرات ” سے نوازا جا رہا تھا ہر آنکھ نم تھی پر جذبہ مزید بڑھ رہا تھا۔ایک مسلمان سپاہی کا جذبہ ایمان ہی اس کی متاعِ حیات ہے… سرحدوں کی حفاظت جس عالی شان سے افواج پاکستان کررہی ہیں یہی طریق ہمارے علماء حق کا بھی ہے۔ملک خداداد پاکستان ایک نظریاتی مملکت ہے اورملک کی اعلیٰ ترین قیادت کو اس کا بخوبی ادراک ہے۔سوشل میڈیا ہو یا بین الاقوامی فورم ہمارے عالم، مفکر،ادیب، دانشور ہر سطح پر ملک کی سرحدوں کے محافظ ہیں….ہر محب وطن ملک کے چپے چپے کا رکھوالا ہے اور ملک کی سرحدوں کی بات ہو یا ملک کی تعمیر وترقی کی ہر میدان میں افواج پاکستان اور عوام متحد ہیں اور اپنے پیارے وطن پاکستان کی سرحدوں کے محافظ ہیں…. جب بھی وطن عزیز نے پکارا تو ہم عہد کرتے ہیں کہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے.. ان شاء اللہ

حصہ

جواب چھوڑ دیں