اپنے اور غیر سب ہی محمدؐ پر فدا

آمنہ کے لعل سے شمس وقمر شر ما گئے
روشنی پھیلی فضا جھومی محمدؐ آگئے
محمدؐ لفظ اپنی اصل حمد سے ماخوذ ہے جس کا مطلب ہے تعریف کرنا۔ یہ نام آپؐ کے دادا حضرت عبدالمطلب نے رکھا تھا۔ محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو رسول، خاتم النبیین، حضور اکرم ﷺ، رحمت للعالمین اورمحسنِ انسانیت القابات سے بھی پکارا جاتا ہے۔
پھول عبد اللہ کا مہکا انوکھی شان سے
بت پگھل کر رہ گئے خاروں کو چکر آگئے
جس وقت آپ کی ولادت ہوئی اس وقت زمین و آسمان میں ایسے عجائبات و معجزات خدا کی طرف سے ظاہر ہوئے خاص کر مشرق میں جو اس وقت کی تہذیب و تمدن کا مرکز تھا۔یہ حوادث خبر رسانی کا اس وقت اس سے سریع ذریعہ تھے جس سے یہ معلوم ہو گیا کہ دنیا میں کوئی عظیم واقعہ ہوا ہے۔ یہ بچہ تمام فرسودہ رسم و رواج کا خاتمہ کرنے والا اور ایک نئی تہذیب کی بنیاد رکھنے والا تھا، انسانوں کو سعادت کی شاہراہ پر گامزن کرنے والا تھا، لہٰذا ولادت کے پہلے ہی دن سے فرسودہ اور جاہلی نظام کے لئے خطرے کی گھنٹیاں بجنے لگیں۔ نوشیرواں کا وسیع و عریض محل،جس کی ابدیت کا خواب دیکھا جارہا تھا، اسی رات اس میں زلزلہ آیا اور اس کے چودہ کنگورے گر گئے،آتش کدہ فارس جو ایک ہزار سال سے مجوسی قوم نے جلا رکھا تھا خود بخود خاموش ہو گیا۔ وقت ولادت ایسی روشنی پھیلی کہ شام و کسریٰ کی عمارتیں دکھائی دینے لگیں، جہاں کہیں بھی بت رکھے ہوئے تھے سب سر نگوں ہو گئے۔ خیالی خدا ؤں کے پجاری جن کا تعصب انھیں کوئی اور فکر کرنے نہیں دیتا تھا وہ بھی ان واقعات کے بعدسوچنے پر مجبور ہو گئے۔ اسی طرح ” ساوہ ” کے دریا نے خشک ہو کر بیداری کا پیغام دیا۔
ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم اس قدر صاف شفاف حسین وخوبصورت تھے کہ گویا کہ چاندی سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا بدن مبارک ڈھالا گیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال مبارک قدرے خمدار گھونگریالے تھے (الحدیث)۔ ایک اور حدیث میں ہے کہ صحابہ کرام نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا ’’یا رسول اللہ ﷺ آپ کے لئے نبوت کب ضروری قرار دی گئی؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: میں اس وقت بھی نبی تھا جب آدم علیہ السلام روح و جسد کے درمیان تھے۔‘‘ ایک اور حدیث میں ہے کہ صحابہ کرام نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا یا رسول اللہ ﷺ ہمیں آپ اپنے بارے میں کچھ بتائیے تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ ہاں میں اپنے والد ابراہیم علیہ السلام کی وہ دعا ہوں جب انہوں نے کہا تھا ’’اے ہمارے رب، بھیج ان میں ایک رسول انہیں میں سے‘‘۔ اور میری بشارت حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے دی۔
وہ بجلی کا کڑکا تھا یا صوت ہادی
عرب کی زمیں جس نے ساری ہلادی
جمہوریت کی جدید تعریف Government the people by the people and for the people اس کا عملی نمونہ حضرت محمد صلی علیہ وآلہ وسلم نے چودہ سو سال پہلے دے دیا۔ مغربی مصنف مائیکل ہارٹ نے اپنی مشہور زمانہ کتاب دی ہنڈریڈمیں دنیا کے ان سو عظیم ترین آدمیوں کا ذکر کیا ہے جنہوں نے دنیا کی تشکیل میں بڑا کردار ادا کیا۔ اس نے حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو سب سے پہلے شمار پر رکھا ہے۔ مصنف ایک عیسائی ہوکر بھی اپنے دلائل سے یہ ثابت کرتاہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پورے نسل انسانی میں سیّدالبشر کہنے کے لائق ہیں۔ تھامس کارلائیل نے 1840ء کے مشہور لیکچرز میں کہا کہ ’’میں محمد سے محبت کرتاہوں اور یقین رکھتا ہوں کہ ان کی مزاج میں نام ونمود اور ریا کا شائبہ تک نہ تھا۔ ہم انہی صفات کے بدلے میں آپ کی خدمت میں ہدیہ اخلاص پیش کرتے ہیں‘‘۔ فرانس کا شہنشاہ نپولین بوناپارٹ کہتاہے ’’محمدؐ دراصل سروراعظم تھے۔15سال کے قلیل عرصے میں لوگوں کی کثیر تعداد نے جھوٹے دیوتاؤں کی پرستش سے توبہ کرڈالی۔ مٹی کی بنی دیویاں مٹی میں ملا دی گئیں۔ یہ حیرت انگیز کارنامہ تھا آنحضرت کی تعلیم کا‘‘۔ جارج برناڈشا لکھتا ہے ’’موجودہ انسانی مصائب سے نجات ملنے کی واحد صورت یہی ہے کہ محمدؐ اس دنیا کے رہنما بنیں‘‘۔ گاندھی لکھتا ہے کہ ’’بانی اسلام نے اعلیٰ اخلاق کی تعلیم دی جس نے انسان کو سچائی کا راستہ دکھایا اور برابری کی تعلیم دی۔ میں اسلام کا جتنا مطالعہ کرتاہوں اتنا مجھے یقین راسخ ہوجاتاہے کہ یہ مذہب تلوار سے نہیں پھیلا‘‘۔ جرمنی کا مشہور ادیب شاعر اور ڈرامہ نگار ’’گوئٹے‘‘ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے مداح تھے۔ اپنی تخلیق ’’دیوانِ مغربی‘‘میں گوئٹے نے اپنی محبت کا اظہار بھی کیا۔
محقق ڈی لمرٹائن نے اپنی کتاب ’’تاریخ ترکی‘‘ میں انسانی عظمت کے لئے جو معیار قائم کیا۔ اس ضمن میں فاضل تاریخ دان لکھتاہے ’’انسانی عظمت کو ناپنے کے لئے تین شرائط اہم ہیں جن میں (۱)۔ مقصد کی بلندی، (۲)۔ وسائل کی کمی، (۳)۔ حیرت انگیر نتائج۔ تو اس معیار پر ایک ہی شخصیت ہیں جو پوری اترتی ہیں وہ ہیں محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔اس طرح دیگر کئی غیر مسلم محققین نے بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کا اظہار کیا ہے۔

حصہ

جواب چھوڑ دیں