ریاض: کورونا کیسز میں اضافہ، 18مساجد عارضی طور پر بند

316

ریاض: سعودی وزارت اسلامی امور نے کورونا کیسز کے سامنے آنے پر مملکت کے 6 شہروں میں 18 مساجد کو عارضی طور پر بند کردیا ہے جبکہ  عارضی طور پر بند کی جانے والی مساجد کو سینیٹائزنگ کے بعد دوبارہ کھولا جائے گا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ گزشتہ 69 دنوں میں مملکت کے مختلف شہروں میں اب تک 628 مساجد میں کورونا کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں سینیٹائزنگ کےلیے بند کیا گیا جن میں سے اب تک 598 مساجد میں جراثیم کش ادوایات کا سپرے کرنے کے بعد انہیں دوبارہ نمازیوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

سعودی وزارت اسلامی امور کے مطابق جن 18 مساجد کو ہفتے کے روز عارضی طور پر بند کیا گیا ان میں دس مساجد قصیم ریجن میں اور دو مشرقی ریجن، دو ریاض، دو جازان، ایک عسیر اور ایک مسجد شمالی حدود ریجن میں تھی جہاں آنے والے افراد میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد انہیں سینیٹائزنگ کےلیے عارضی طور پر بند کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب میں 18 اپریل کو بھی کورونا کے نئے کیسز 900 سے زیادہ سامنے آئے ہیں اور ایکٹیو کیسز 9 ہزار سے بڑھ گئے ہیں جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 13 مریض چل بسے ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 823 ہو گئی ہے۔