وزیراعظم کا آئی ایم ایف کی آخری مالیاتی قسط کے جاری ہونے پر اظہار اطمینان

138

ریاض: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آئی ایم ایف کی آخری مالیاتی قسط کے جاری ہونے پر اظہار اطمینان کیا ہے ، وزیراعظم نے بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کی 1 ارب 10کروڑ ڈالر کی آخری قسط ملنے سے پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا ،2016 میں میرے قائد نوازشریف نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا تھا، یہ ایس بی اے دوسر ا پروگرام ہے جو مکمل ہورہا ہے ۔

16 ماہ کی حکومت کے دوران پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں آئی ایم ایف سے یہ معاہدہ اہم ثابت ہوا تھا ، پاکستان کے معاشی تحفظ کے لئے تلخ اور مشکل فیصلے کئے لیکن ان کے ثمرات معاشی استحکام کی صورت سامنے آرہے ہیں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے معیشت کو بہتر بنانے کا موقع دیا ہے، پوری جان لڑائیں گے، پاکستان کو معاشی ترقی دلائیں گے ، قرض لینا کامیابی نہیں، کامیابی اس دن ہوگی جس دِن قرض سے نجات پائیں گے ، اسی جذبے سے درست سمت میں تسلسل سے محنت جاری رہی تو قرض سے نجات اور معاشی خوش حالی کا دور بھی جلد آئے گا ۔

وزیراعظم نے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب سمیت تمام معاشی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ آئی ایم ایف کی ایم ڈی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کا مشکل وقت میں ساتھ دیا۔