الیکشن کمیشن کااین اے 75 ڈسکہ میں دھاندلی پر انکوائری کااعلان

196

اسلام آباد (صباح نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 75 ڈسکہ کے معاملے کی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کا اعلان کر دیا۔ الیکشن کمیشن کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے لاپتا ہونے والے پریذائیڈنگ افسران کے معاملے پر فیکٹ فائنڈنگ کے لیے انکوائری افسر کا تقرر کر دیا ہے اور صوبائی جوائنٹ الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل انکوائری افسر ہوں گے‘ انکوائری افسر پریذائیڈنگ افسران، سیکورٹی عملے کی ڈیوٹی کی خلاف ورزیوں کی جانچ پڑتال کرے گا جبکہ انکوائری افسر ماہرین اور اداروں سے مدد لے سکے گا‘ لاپتا پریذائیڈنگ افسران صبح تک کہاں رہے؟ پتا چلایا جائے گا۔ مبینہ کرپٹ پریکٹس میں ملوث افسران کا تعین کیا جائے گا جبکہ رزلٹ ٹمپرنگ اور پولنگ عملے کو لاپتا کرنے میں مدد دینے والوں کا تعین بھی کیا جائے گا۔ انکوائری افسر15 مئی تک اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کرے گا۔