ملک میں پٹرول بحران کا خدشہ، ایل این جی کی نئی قیمتوں کا اعلان

484

اسلام آباد: ملک میں ایک بار پھر پٹرول بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جس پر اوگرا نے آئل کمپنیوں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے اپریل کے لیے درآمدی ایل این جی کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ لائسنس شرائط کے مطابق نہ رکھنے پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو وارننگ جاری کر دیا ہے۔

اوگرا حکام نے کہا کہ تمام کمپنیاں 20 روز کا پٹرول ذخیرہ رکھنے کی پابند ہیں، ذخیرہ 20 روز کا نہ ہوا تو کارروائی کی جائے گی، اس لیے آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اپنا ذخیرہ لائسنس شرائط کے مطابق رکھیں۔

دوسری جانب اوگرا نے درآمدی ایل این جی کی نئی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فی کیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ سوئی ناردرن سسٹم کے لیے ایل این جی کی فی یونٹ قیمت میں 0.17 ڈالر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ایل این جی کی نئی قیمت 9.477 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

اوگرا کا کہنا تھا کہ پٹرول کا 2 لاکھ 97 ہزار 882 میٹرک ٹن کا ذخیرہ موجود ہے، جو کہ 12 روز کی ملکی ضروریات کو پورا کر سکتا ہے، جب کہ اس وقت ڈیزل کا 17 روز کا ذخیرہ موجود ہے، جو 3 لاکھ 64 ہزار میٹرک ٹن اسٹاک پر مشتمل ہے۔