کِم جونگ نے اپنی پالیسیوں کی ناکامی کا اعتراف کرلیا

333

پیانگ یانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن نے کہا ہے کہ تقریباً تمام شعبوں میں بڑی حد تک ملک کے اقتصادی اہداف پورے نہیں ہوسکے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق 5 برس گزرنے کے بعد حکمراں جماعت کی کانگریس میں انہوں نے اعتراف کیا کہ ملک کی اقتصادی پالیساں ناکام رہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اہم اعلان کے بعد امید ہے کہ حکمراں جماعت نئی اقتصادی پالیسیاں جاری کرے گی۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کِم جونگ اُن نے کہا کہ 2016ء کے اجلاس میں جو اہداف مقرر کیے گئے تھے وہ تقریباً تمام شعبوں میں بڑی حد تک پورے نہیں ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا ملک کو اس تکلیف دہ سبق کا اعادہ نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کامیابیوں کا ذکر بھی کیا، تاہم معیشت کو بہتر بنانے کے اہداف میں سنگین تاخیر پر بھی اپنی ناکامی کا اعتراف کیا۔ حکمراں ورکرز پارٹی کے اس اجلاس میں 4750 مندوبین اور 2000 دیگر افراد شرکت کررہے ہیں، جس میں آیندہ 5 برس کے لیے ملک کے اقتصادی پروگرام کا نیا خاکہ پیش کیا جائے گا۔