معدنی وسائل کی تلاش کے لیے کمپنی کے قیام کا فیصلہ

405

بلوچستان(کامرس ڈیسک ) بلوچستان میں معدنی وسائل کی تلاش اور معدنیات کے شعبے کی ترقی کیلئے نجی کمپنیوں کے کنسورشم پر مبنی کمپنی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ماری پٹرولیم،یونس برادرز، عارف حبیب ایکویٹی،لبرٹی ملز اور ریلائنس کموڈٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ نے مشترکہ منصوبے کے تحت بلوچستان میں معدنیات کی تلاش کیلئے نیشنل ریسورسز پرائیویٹ لمیٹڈ(این آر ایل)نامی کمپنی کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔ این آر ایل کے قیام کی حتمی منظوری کیلئے مسابقتی کمیشن سمیت دیگر متعلقہ اداروں سے ضروری لائسنس اور لیز کے حصول کیلئے مطلوبہ اجازت طلب کر لی گئیں اور تمام متعلقہ اداروں سے اجازت ملتے ہی باضابطہ طور پر کمپنی کے قیام کا اعلان کردیا جائے گا۔بتایا جاتا ہے کہ نیشنل ریسورسز لمیٹڈ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں معدنی وسائل کی تلاش،سروے ،معدنیات نکالنے ،کھدائی اور مائننگ سمیت نکالی جانے والی معدنیات فروخت کرنے کے عمل کی ذمہ دار ہوں گی، اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان میں ریکو ڈک منصوبے سے پیدا ہونے والے تنازع کے بعد یہ امر خوش آئند ہے کہ یہ نئی کمپنی مکمل طور پر ملکی کاروباری اداروں کے زیر نگرانی کام کرے گی۔اس نئی کمپنی میں ماری پٹرولیم 20فیصد حصص کی شراکت دار ہوگی جبکہ بتایا جاتا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف بلوچستان میں خوشحالی کے نئے دروازے کھلیں گے بلکہ ہزاروں افراد کو روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔