یورپی یونین نے بلامعاہدہ بریگزٹ کی تیاری شروع کردی

243

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین نے برطانیہ کی جانب سے طے شدہ سمجھوتوں کی خلاف ورزی کے باعث بلامعاہدہ علاحدگی کی تیاری شروع کردی۔یورپی یونین کے ترجمان مائیکل بارنیئر کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی جانب سے ایک ایک کرکے مذاکرات کے دروازے بند کیے جارہے ہیں اور رواں سال کے آخر تک پیش رفت کے آثار دکھائی نہیں دیتے۔ خبررساں اداروں کے مطابق جنوری میں یورپی یونین سے برطانوی انخلا کے حوالے برسلز اور لندن حکومت کے درمیان سمجھوتا طے پایا تھا اور فریقین بریگزٹ کے حوالے سے کسی حتمی معاہدے تک پہنچنے کی کوشش میں تھے۔ تاہم رواں ہفتے لندن حکام کی جانب مختلف بیانات سامنے آئے،جن میں زور دیا گیا کہ بغیر کسی معاہدے کے یورپی یونین سے علاحدگی اختیار کی جائے۔ اس دوران پارلیمان میں ایک بل بھی پیش کیا گیا،جس میں برطانیہ کی تمام ریاستوں شمالی آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور وہیلز کے درمیان آزاد تجارت کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ متنازع بل کی اطلاع ملتے ہی جمعرات کے روز برسلز کے اعلیٰ حکام فوری طور پر لندن پہنچ گئے تھے۔ واضح رہے کہ یورپی یونین سے برطانیہ کے انخلا کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ شمالی آئر لینڈ ہے۔ اس کی سرحدیں آئرلینڈ کے ساتھ ملحق ہیں،جس کے ذریعے وہ یورپ کے ساتھ ملتا ہے۔ یورپی یونین اور لندن حکومت کے درمیان اس بات پر تنازع ہے کہ بریگزٹ کے بعد شمالی آئرلینڈ برطانوی قوانین کا پابند ہوگایا کچھ عرصے تک یورپی یونین کے تجارتی ضوابط نبھاتا رہے گا۔