ڈپٹی کمشنر کورنگی صنعتی علاقے کے مسائل حل کرنے کیلیے متحریک ہیں، عمر ریحان

249

کراچی( اسٹاف رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر شیخ عمر ریحان، چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا، سینئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت اور نائب صدر سید واجد حسین نے کورنگی صنعتی علاقے کے مسائل حل کرنے کے لیے متحریک کردار ادا کرنے پر ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر شہریار گل میمن کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ صدر کاٹی کا کہنا تھا کہ پہلے بطور ڈپٹی کمشنر اور اب ایڈمنسٹریٹر کی اضافی ذمہ داریوں کے ساتھ شہریارگل میمن علاقے کی بہتری اور شکایات کے ازالے کے لیے ہمہ وقت دستیاب رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریار گل میمن کورنگی صنعتی علاقے کی ملکی معیشت کی اہمیت کا ادراک رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ ہمارے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے۔ زبیر چھایا کا کہنا تھا کہ شہریار گل میمن نے کورنگی صنعتی علاقے کے مسائل حل کرنے کے لیے بہترین کوآرڈینیشن کا نظام بنایا ہے، صنعتکار برادری ان کی خدمات کا دل سے اعتراف کرتی ہے۔