کاٹی کی ایف پی سی سی آئی ہیڈ آفس اسلام آباد منتقل کرنے کی تجویز کی مخالفت

224

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر شیخ عمر ریحان، سینئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت اور نائب صدر سید واجد حسین نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے ہیڈ افس کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کی تجویز کو پاکستان کی تاجر و صنعتکار برادری کو منتشر کرنے اور ملکی معیشت کی بربادی کے مترادف قرار دیا۔ایس ایم منیر نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ملکی خزانے میں سب سے زیادہ ریونیودینے والا شہر ہے،معاشی سرگرمیوں کے لحاظ سے بین الاقوامی حیثیت رکھتا ہے۔ شیخ عمر ریحان نے کہا کہ شہر کراچی میں صنعت و تجارت سے وابستہ سب سے زیادہ ٹریڈ باڈیز،مرکزی بینک، اسٹاک ایکسچینج اور بیشتر بینکوں کے صدر دفاتراور غیر ملکی درآمدات اور برآمدات کی ترسیل کے لیے بندرگاہ ہے۔ اس سب کے باوجودایف پی سی سی آئی کی اسلام آباد منتقل کرنے کی تجویز ناقابل فہم ہے۔